بابر اعوان کو نندی پور کیس میں بری ہونے کے بعد کون سی وزارت ملنے کا امکان ہے ؟ بڑا دعویٰ سامنے آ گیا ، وزارت قانون نہیں بلکہ ۔۔
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )احتساب عدالت نے بابر اعوان کو نندی پور کیس میں بری کر دیاہے جبکہ راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست مسترد کر د گئی ہے تاہم اب میڈیا میں خبریں گرم ہیں کہ انہیں جلد ہی وزارت ملنے کا امکان ہے ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ بابر اعوان کو حکومت کی جانب سے وزارت اطلاعات ملنے کا امکان ہے تاہم بابر اعوان کو وزارت دینے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان ہی کریں گے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بابر اعوان کو وزیراعظم کا مشیر برائے پارلیمانی امور لگایا گیا تھا تاہم نندی پور کیس میں نامزد ہونے کے باعث انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کچھ عرصہ قبل وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے وزارت اطلاعا ت کا قلمدان فوادچوہدری سے واپس لیتے ہوئے انہیں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنادیا تھا جبکہ اسد عمر نے کوئی اور وزارت لینے سے انکار کر دیا تھا اور کابینہ سے مستعفیٰ ہو گئے تھے تاہم اب وہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین ہیں ۔
فواد چوہدری کے بعد وزارت اطلاعات و نشریاتی کی ذمہ داریاں فردوس عاشق اعوان کو دی گئیں تاہم عام انتخابا میں منتخب نہ ہونے کے باعث انہیں وزیراعظم عمران خان کا مشیر تعینات کیا گیاہے ۔