دوران پرواز خاتون مسافر کی ایسی حرکت کہ جنگی جہازوں نے مسافر طیارے کو ہوا میں ہی گھیرے میں لے لیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) فضائی کمپنی جیٹ 2کی ایک پرواز گزشتہ دنوں برطانیہ سے ترکی جا رہی تھی کہ برطانیہ کے سٹین سٹیڈ ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے 45منٹ بعد ہی جہاز میں ایک لڑکی نے ایسی حرکت کر دی کہ برطانوی ایئرفورس کے جنگی طیاروں نے اس مسافر جہاز کو گھیرے میں لے لیا اور واپس لا کر سٹین سٹیڈ ایئرپورٹ پر اتار دیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس لڑکی کی عمر 25سال بتائی جاتی ہے جو شراب اور دیگر منشیات کے نشے میں دھت تھی۔ پرواز کے 45منٹ بعد ہی اس نے جہاز کے عملے کے اراکین پر چیخنا چلانااور انہیں تھپڑ مارنا شروع کر دیئے۔وہ چلا رہی تھی کہ ”میں جہاز میں موجود ہر ایک کو قتل کر دوں گی۔“
لڑکی اس قدر بے قابو ہو گئی کہ اس نے نہ صرف جہاز کا درواز کھولنے کی کوشش کی بلکہ زبردستی کاک پٹ میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی تاہم جہاز میں موجود ایک سابق باﺅنسر نے لڑکی کو فرش پر گرا دیا اور قابو کر لیا۔ پھر مسافروں نے مل کر لڑکی کو اس کی سیٹ کے ساتھ باندھ دیا۔ لڑکی کی سنگین دھمکیوں کے باعث جہاز کے پائلٹ نے ہائی جیکنگ کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا جس پر رائل ایئرفورس کے 2جنگی طیارے فوری حرکت میں آئے اور آ کر جیٹ 2کی اس پرواز کو گھیرے میں لے کر واپس سٹین سٹیڈ ایئرپورٹ پر لے گئے، جہاں لڑکی کو پولیس کے حوالے کر دیاگیا۔ جیٹ 2ایئرلائنز کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”لڑکی کا رویہ انتہائی خطرناک تھا، اس نے جہاز اوراس میں سوار سینکڑوں مسافروں کی زندگیاں داﺅ پر لگا دی تھیں۔ ہم اس کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کروائیں گے۔“