20 سال تلاش کے بعد گرفتارہونے والا ’کوکین کا بادشاہ‘ صرف 2 سال بعد ہی جیل سے بھاگ گیا، مگر کس طریقے سے؟ جان کر فلموں کی یاد آجائے
مونٹے ویڈیو(مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کے بدنام زمانہ منشیات سمگلر راکو مورابیتو کو20سال کی تگ و دو کے بعد ستمبر 2017ءمیں یوراگوئے میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن وہ گرفتاری کے دو سال بعد ہی جیل سے ایسے طریقے سے فرار ہو گیا ہے، کہ ایسا آپ نے صرف فلموں میں ہی دیکھا ہو گا۔ میل آن لائن کے مطابق راکو مورابیتو نامی یہ سمگلر ’کوکین کا بادشاہ‘ (Cocaine King)کے نام سے دنیا میں جانا جاتا ہے۔ وہ یوراگوئے کے دارالحکومت مونٹے ویڈیو کی انتہائی سخت سکیورٹی والی جیل میں قید تھا جہاں سے اس نے اپنے قید خانے کی چھت میں سوراخ کیا اور دیگر تین قیدیوں کے ساتھ جیل سے فرار ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق راکو کے بین الاقوامی جرائم کے باعث یوراگوئے کے حکام اسے ملک بدر کرکے واپس اٹلی بھیجنے کی تیاری کر رہے تھے تاہم اس سے قبل کہ قانونی لوازمات پورے ہوتے اور اسے اٹلی بھیجا جاتا، وہ جیل سے ہی بھاگ گیا۔ اس نے اور دیگر بھاگنے والے قیدیوں نے جیل سے بھاگنے کے بعد قریبی فارم ہاﺅس کو لوٹا، وہاں سے ملبوسات اور دیگر ضروری چیزیں حاصل کیں اور فرار ہو گئے۔ اٹلی کے وزیرداخلہ نے اس خطرناک قیدی کے فرار ہونے پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے یوراگوئے کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسے فوری طور پر دوبارہ گرفتارکرنے کی کوشش کریں۔“