اپوزیشن گھبرانے والی نہیں، ایک ایک وعدہ خلافی کا احتساب ہوگا ،اب ہم وزیر اعظم کو بھاگنے نہیں دینگے:مرتضی وہاب
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اوروزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برا ئے اطلا عا ت بیرسٹر مر تضیٰ وہا ب نے کہا ہے کہ اپوزیشن گھبرانے والی نہیں،ایک ایک وعدہ خلافی کا احتساب ہوگا،اب ہم وزیر اعظم کو بھاگنے نہیں دینگے،کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران پر پی ٹی آئی رہنما کے حملے کی مذمت کرتے ہیں ، پیپلزپارٹی نے صحافیوں کے بنیادی حق کو ہمیشہ تسلیم کیاہے، تحریک انصاف کارویہ ماضی میں بھی اسی طرز کاتھا، بدتمیزی اور گالم گلوچ کے رجحان کی ڈور پی ٹی آئی قیادت سے ملتی ہے، عمران خان نیازی اپنے گریبان پر نظر ڈالیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر مر تضیٰ وہا ب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے بیانیے کیساتھ اب خود پی ٹی آئی کے اپنے رہنما کھڑے ہیں،وفاقی حکومت تاحال بجٹ پاس نہیں کراسکی ہے، پی ٹی آئی کے باشعور لیڈرز عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے مسائل پرآواز بلند کریں، تحریک انصاف نے ایک اور منی بجٹ کی تیاری شروع کردی ہے، وفاقی حکومت نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھادیا ہے، یہ کیسی مدینے کی ریاست ہے کہ غریب سے ٹیکس اور امیروں کو ٹیکس چھوٹ دی جا رہی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کابجٹ پیش کیا،امیر کو مراعات دیکرغریب کو ٹیکس کی چکی میں پیساگیا،وفاقی حکومت نے منی بجٹ لاتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کافیصلہ کیاہے، خان صاحب کے سہانے خوابوں کے برعکس حقیقت کچھ اور ہے، انکا مقصد اپوزیشن کو ہراساں کرنا اور زبان بندی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دس ماہ میں تحریک انصاف کی ناکام حکومت نے گیارہ ارب ڈالر کا قرض لیاہے، خان صاحب اپنی حکومت کی بھی جانچ پڑتال کریں اور تحقیقا ت اپنے گھرسے شروع کریں ،خان صاحب دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں جبکہ سٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات جاری کی ہیں، پی ٹی آئی کے اٹھارہ بینک اکاونٹس ظاہرشدہ نہیں، یہ کونسی منی لانڈرنگ ان بینک اکاونٹس کے ذ ریعے ہورہی تھی ؟خان صاحب کے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن گھبرانے والی نہیں، ایک ایک وعدہ خلافی کا احتساب ہوگا اب ہم بھاگنے نہیں دینگے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ نیازی صاحب آپ کرکٹ ٹیم کو مشورہ دینے سے گریز کریں ،آپکے پاس عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے شبر زیدی صاحب قابل احترام شخصیت ہیں ،پیشے کے اعتبار سے شبرزیدی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں ،ماضی میں شبر زیدی نے بڑی کمپنیوں کو ٹیکس کی چھوٹ کے حوالے سے ترغیب دی، پچھلے دس ماہ میں خان صاحب ٹیکس وصول نہیں کرپائے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسا وزیراعظم ہے جو طعنہ زنی میں مصروف ہے؟ پیپلزپارٹی میں فارورڈ بلاک خیالی پلاؤ ہے ،سیدمرادعلی شاہ ہی سندھ کے وزیراعلی رہینگے۔