’5 ہزار لوگوں کی لسٹ حکومت نے نہیں اداروں نے بنائی، اب ادارے یہ کام کرنے جارہے ہیں‘ ڈاکٹر شاہد مسعود نے خطرے کی گھنٹی بجادی

’5 ہزار لوگوں کی لسٹ حکومت نے نہیں اداروں نے بنائی، اب ادارے یہ کام کرنے ...
’5 ہزار لوگوں کی لسٹ حکومت نے نہیں اداروں نے بنائی، اب ادارے یہ کام کرنے جارہے ہیں‘ ڈاکٹر شاہد مسعود نے خطرے کی گھنٹی بجادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ حکومت نے نہیں بلکہ ریاستی اداروں نے 5 ہزار لوگوں کی لسٹ بنائی ہے اور اب فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ہے ان کے نام اخباروں میں اشتہارات کے ذریعے عوام کو بتائے جائیں گے۔
نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا کہ 5 ہزار لوگوں کی لسٹ حکومت نے نہیں بلکہ ریاستی اداروں نے بنائی ہے، جس طرح ایک وفاقی وزیر نے کہا تھا اگر ویسا ہوا تو بہت خون خرابہ ہوجائے گا ، اگر طریقے سے معاملات حل ہوجاتے ہیں تو ٹھیک ہے۔ ان لوگوں کی سیاست میں واپسی نہیں ہونی چاہیے نہ ہی ان کو کسی بھی عہدے پر آنا چاہیے۔ یہ شخصیات چاہتی ہیں کہ ان کے نام سامنے نہ آئیں لیکن عمران خان کہہ رہے ہیں کہ جو کچھ ہوگا قانون کے مطابق ہوگا اور اسی جگہ پر آکر معاملات رک گئے ہیں، یہ زیب نہیں دیتا کہ پیسہ تو دیں گے لیکن ہمارا نام سامنے نہیں آنا چاہیے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا تھا کہ اگر پانچ ہزار لوگوں کو پھانسی پر لٹکادیا جائے تو ملک کے معاملات درست ہوجائیں گے۔ فیصل واوڈا کے اس بیان کے بعد یہ خبریں بھی سامنے آنا شروع ہوگئی تھیں کہ 5 ہزار لوگوں کی لسٹیں تیار کی جاچکی ہیں۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے مزید کہا کہ ملک کے اداروں نے ان بڑے مگر مچھوں کے نام جنہوں نے اس ملک کو لوٹا ہے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ طے ہوگیا ہے کہ قانونی کارروائی چلتی رہے گی لیکن اخبارات میں اشتہارات کی صورت میں ان کے نام سامنے لائے جائیں گے اور بتایا جائے گا کہ فلاں آدمی کی کتنی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں اور ان کے بچوں کے نام پر کیا کچھ ہے۔