سعودی عرب نے کالعدم داعش کے امیر کو گرفتار کرلیا

سعودی عرب نے کالعدم داعش کے امیر کو گرفتار کرلیا
سعودی عرب نے کالعدم داعش کے امیر کو گرفتار کرلیا

  


صنعا (ڈیلی پاکستان آن لائن) یمن میں برسر پیکار سعودی عرب کے فوجی اتحاد نے عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے امیر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اتحادی افواج نے یمن میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم داعش کے یمن چیپٹر کے امیر ابو اسامہ المجاہد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان کے ساتھ تنظیم کے فنانشل آفیسر اور دیگر لوگوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کارروائی کے حوالے سے میڈیا کو اپنے بیان میں بتایا کہ اتحادی افواج نے یمنی فورسز کے ساتھ مل کر ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران کالعدم داعش کے امیر کو گرفتار کیا ہے۔

ترکی المالکی کے مطابق مذکورہ مکان کی گزشتہ کئی روز سے نگرانی کی جارہی تھی جس کے دوران انکشاف ہوا کہ اس میں کالعدم داعش کا امیر اور اس کے قریبی ساتھی رہائش پذیر ہیں، مکان میں تین خواتین اور تین بچے بھی رہ رہے تھے۔ نگرانی اور مانیٹرنگ کے ذریعے نہ صرف دہشتگردوں کی شناخت کی گئی بلکہ ان کی نقل و حرکت اور روزہ مرہ کے معاملات بھی نوٹ کیے گئے جس کے باعث فورسز نے انتہائی کم وقت میں کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی صرف 10 منٹ میں مکمل ہوگئی تھی، صبح 9 بج کر 20 منٹ پر آپریشن کا آغاز کیا گیا اور 9 بج کر 30 منٹ پر کالعدم داعش کا امیر اپنے ساتھیوں سمیت گرفتار ہوچکا تھا۔

مزید : عرب دنیا