اوورچارجنگ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ افسران فیلڈ میں وزٹس کریں اور حساس مارکیٹوں کو ضرور چیک کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں اور خلاف ورزی پر سخت کاروائیاں عمل میں لائیں۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ جن دکانوں میں خلاف ورزی پائی جائے ان کو سیل کر دیا جائے اور مارکیٹس میں چینی کے ریٹس کا بھی جائزہ لیں۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے پرائس کنٹرول کی رپورٹ جاری کردی۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ 448 مقامات کی چیکنگ کے دوران 56 خلاف ورزیاں پائی گئیں اور 57 ہزارروپے کے جرمانے عائد کئے گئے اور20 افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیاجبکہ 07 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہوردانش افضال نے سبزی و فروٹ منڈیوں میں پرائس کنٹرول پر سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کریں اور عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ منافع خوروں پر کڑی نظر رکھیں۔