قومی اسمبلی میں نازیبا الفاظ کا استعمال شرمناک ہے،جاوید قصوری
لاہور (نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ قومی اسمبلی میں ارکان اسمبلی کی جانب سے نا زیبا الفاظ کے استعمال سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔غیر اخلاقی طرز عمل کا سخت نوٹس لیا جائے۔ملکی تاریخ کے نا اہل ترین اور اخلاقی اقدار سے نا بلد حکمران مسلط ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا بیان ہے کہ”ہم ڈیلیور نہیں کرسکے، حکومت کے پاس 6ماہ کا وقت ہے، کارکردگی نہ دکھائی تو بات ختم “ سے واضح ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف کی کارکردگی سے ہر طرف مایوسی پھیل چکی ہے۔ تبدیلی کا کھوکھلا نعرہ عوام کے ساتھ سنگین مذاق بن چکا ہے۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دہندہ صرف جماعت اسلامی ہے۔ ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ کرپٹ ترین افراد وزیر اعظم کے اردگردموجود ہیں۔ جب تک ان سے وفاقی کابینہ کو پاک نہیں کیا جاتا، اس وقت تک عوام کو عمران خان کی کسی بات کا یقین نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بحرانوں کی زد میں ہے۔ مگر بدقسمتی سے موجودہ حکمران میں اتنی اہلیت اورصلاحیت نہیں ہے کہ وہ ان سے نمنٹ سکیں۔ وقتی ڈنگ پٹاؤ اقدامات سے ملکی معاملات کو چلانے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں۔ اب بھی حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو حالات ان کے قابو سے باہر ہوجائیں گے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک ایسی ریاست جہاں قانون سب کے لیے برابر ہو۔ ظلم و بربریت کا خاتمہ ہو۔ تحریک انصاف نے جھوٹے وعدوں اور دعوؤں سے قوم کو بے وقوف بنایا ہے۔