حکومتی غبارے سے جلد ہوا نکلنے والی ہے،اشرف بھٹی
لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کی آپس کی بیان بازی اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ جلد ہی حکومتی غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے اور یہ سلیکٹڈ کی حکومت جلد ہی اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے اور اب تو حکومت کے وزیر فواد چودھری نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ان کی حکومت کے پاس صرف چھ ماہ رہ گئے ہیں موجودہ حکومت میں بحرانوں کی فہرست لمبی ہوگئی ہے نجانے کب ختم ہوگی۔ادویات،آٹا چینی اور پٹرول کے بعد اب ایل پی جی کا بحران سراٹھا رہا ہے۔
پے درپے بحرانوں نے مہنگائی اور بے روز گاری کے مارے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔پٹرول کی عدم دستیابی پر حکومت اپنی پوزیشن ابھی تک واضح نہیں کرسکی۔کرونا مسلسل پھیل رہا ہے،ہسپتالوں میں جگہ نہ ملنے سے خود کوگھروں میں آئسو لیٹ کرنے والے مریض مررہے ہیں لیکن حکومت ان کی زندگیاں بچانے کیلئے کچھ نہیں کررہی۔ تنخواہیں نہ بڑھا کر حکومت نے سرکاری ملازمین کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔حکومت فوری طور پر ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم دس فیصد اضافہ کرے۔