ڈاکٹروں کو حفاظتی سوٹ، ماسک، فیس شیلڈاور سینی ٹائزرزکی فراہمی جاریہے، فیصل آباد چیمبر

    ڈاکٹروں کو حفاظتی سوٹ، ماسک، فیس شیلڈاور سینی ٹائزرزکی فراہمی جاریہے، ...

  

فیصل آباد (اے پی پی): فیصل آبادچیمبر کے ممبران کی جانب سے فرنٹ لائن پر مریضوں کو دیکھنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی سوٹ، ماسک، فیس شیلڈاور سینی ٹائزرزکی فراہمی جاری ہے اورکورونا مریضوں کیلئے غلام محمد آباد کے جنرل ہسپتال میں آکسیجن فراہم کرنے کا پورا نظام مہیا کیا جا رہا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے دیئے ہوئے مال میں سے غربا، مساکین اور کمزور طبقوں کی مدد کرنا مسلمانوں کے خاصے میں شامل ہے جبکہ عوامی خدمت ایک ایسا عمل ہے جس سے نہ صرف دنیاوی بلکہ آخروی فوائد بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے پلیٹ فارم سے مخیر لوگوں کی ایک بڑی تعداد مختلف انداز میں اپنی سوشل کارپوریٹ رسپانسبلٹی کو نبھا رہی ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے عوامی خدمت کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ فیصل آباد کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے کہ اس شہر کے مخیر لوگ تین میڈیکل کالج اور کئی ہسپتال چلانے کے علاوہ تعلیمی اداروں،فری ڈسپنسریوں اور ہسپتالوں کا پورا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005ء میں آنے والے زلزلے کے دوران فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے کلیدی کردار ادا کیا اور متاثرین زلزلہ کی امداد کیلئے سب سے پہلے امدادی سامان کے ٹرک روانہ کئے اسی طرح دیگر قدرتی آفات کے دوران بھی فیصل آباد نے متاثرین کی بڑھ چڑھ کر مدد کی اور یہ سلسلہ اب بھی مختلف صورتوں میں جاری ہے۔آئندہ ماہ آنے والی عید قربان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس کا بنیادی فلسفہ بھی غریبوں کو قربانی کا گوشت مہیا کرنا ہے اور یہ سلسلہ ہمیشہ جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائنز اور روٹری کلب کی تنظیمیں بھی لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے مفت ادویات مہیاکرنے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ روٹری کلب پولیو کیلئے ادویات فراہم کر رہا ہے جبکہ لائنز کا فوکس آنکھ کی بیماریوں کی روک تھام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں میں عوامی خدمت کے جذبے کو منتقل کرنے کیلئے اُن کے ذریعے لوگوں کی مدد کرنے کا طریقہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ وہ بھی دوسروں کے دکھ درد کو محسوس اور اُن کے ازالہ کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائیں۔

مزید :

کامرس -