تحریک انصاف کی حکومت کوکسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں، حنید لاکھانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے، چیلنجز کا سامنا ہے اور مشکلات ہیں لیکن یہ تما م مشکلات ماضی کی حکومتوں کی ناقص حکمت عملی اور نا اہلی کے نتائج ہیں، 72سالوں کے مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنیدلاکھانی کا کہنا تھا کہ حکومت کو کروناو ائرس سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے لیکن جلد ہی تما م مسائل سے سرخروہو کر نکلیں گے اور عوام کو سہولیات دیں گے، گزشتہ حکومتوں نے اگرعوام کے لیئے کچھ کیا ہوتا تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، دوسرے صوبوں کی کارکردگی سندھ حکومت کی کارکردگی سے کئی حصے بہتر ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزراء اور وزیراعظم عمران خان دن رات پاکستان کی ترقی اور عوام کی بہتری کے لیئے کام کر رہے ہیں اور مشکل حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینا حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا ثمر ہے، اس سے قبل کسی حکومت نے غریبوں اور مستحقین کی مالی امداد اس انداز میں نہیں کی جس طرح تحریک انصاف نے کی، وفاقی وزراء اپنی اپنی ذمہ داریوں کو نہ صرف اچھی طرح سے سمجھتے ہیں بلکہ بخوبی اور احسن طریقے سے اپنے تمام امور کو انجام بھی دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ انسان کے ہاتھ میں کوشش اور محنت ہوتی ہے صلہ رب کریم دیتا ہے، تحریک انصاف کے وزراء سے لیکر ایک کارکن تک پاکستان کی ترقی کے لیئے اپنی اپنی حیثیت اور وسائل کے مطابق کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ماضی کی دو سیاسی جماعتوں کی کرپشن اورلوٹ بازاری کی وجہ سے آج ایسے حالا ت ہیں جن کا مقابلہ تحریک انصاف کی حکومت کر رہی ہے، کرپشن ہمارے معاشرے میں ایک ناسور کی شکل اختیار کر گئی ہے اس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں وقت درکار ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ کرپشن کے خاتمے کے لیئے ہمارے ادارے تمام انرجی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور قوم دیکھے گی کہ وفاقی حکومت ملک سے کرپشن کو ختم کرے گی اور پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نہ صرف ترقی کی مناز ل طے کریگا بلکہ بہت جلد دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں بھی کھڑا ہوگا۔