صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، عبدالکریم
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول ہے اور سرمایہ کار اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے گدون اسپیشل اکنامک زون میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سنٹر کے قیام کا مقصد سرمایہ کار وں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کرنا ہے۔تاکہ ان کو وقت کی بچت اور تمام دفتری کام جلد ہو۔اس موقع پر معاون خصوصی نے خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈیولپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کی کاوش کو کافی سراہا اور یقین دلایا کہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔چیف ایگزیکیٹیو آفیسر KPEZDMC جاوید اقبال خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور عنقریب صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی مضبوطی سے صوبے میں خوشحالی اور ترقی کو فروغ ملے گا۔اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر نے کیلئے ان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم ہونگی۔