محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر مزید 13 افراد کو گرفتار کرلیا

محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر مزید 13 افراد کو گرفتار کرلیا

  

پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 13 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی‘ سیکرٹری خوراک نثار احمد اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ نعمان عامر اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے نذر بوستان بابا روڈ اور گنج میں فوڈ پوائنٹس میں سرکاری نرخنامے چیک کئے اور اشیائے خوردونوش کے نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی محکمہ خوراک کے افسران نے سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 13 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ہشت نگری میں مشتاق چائے والا کے نام سے بڑے شاپنگ مال میں ڈی سی کاؤنٹر پر اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت نہ کرنے اور چکن زون میں غیر معیاری چکن کی خرید و فروخت پر منیجرز کو گرفتار کرلیا گیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے شہر بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری ہیں جس کے تحت بڑے شاپنگ مالز میں بھی غیر معیاری اشیاء کی خرید و فروخت سمیت گرانفروشی کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں بلکہ شہریوں کو معیاری اور سرکار کی جانب سے مقرر کردہ نرخنامے کے مطابق اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کسی قسم کے رعایت کے مستحق نہیں ہیں جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -