ڈیرہ، ایپکا کی بجٹوں میں سرکاری ملازمین کی تنخوا ہوں میں عدم اضافہ کیخلاف ریلی

  ڈیرہ، ایپکا کی بجٹوں میں سرکاری ملازمین کی تنخوا ہوں میں عدم اضافہ کیخلاف ...

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے 2020-21 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کیخلاف ایپکا کی کال پر ڈیرہ اسماعیل خان میں گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر1سے ٹاؤن ہال چوک تک ایپکا کے صوبائی صدر سرید خان اور ضلعی صدر فدا حسین بلوچ کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ضلع بھر سے کلرک برادری، کلاس فور ملازمین، سیکرٹری یونین کونسلزسمیت سینکڑوں کی تعداد میں سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں کتبے، بینرز اور کالے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے اور آئی ایم ایف کا بجٹ نامنظور سمیت حکومت کی ملازمین کش پالیسیوں کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں صدر سیکرٹری یونین کونسلز ایسوسی ایشن حاجی عبدالستار، جنرل سیکرٹری حاجی زبیر بلوچ، کلاس فور یونین کے صدر کریم نواز بلوچ، جنرل سیکرٹری ثاقب تنویر، ٹی ایم اے سٹاف یونین کے صدر رفیق چشتی اور ایپکا کے پریس سیکرٹری ظفر عباس سمیت محکمہ صحت، بلدیات، پبلک ہیلتھ، سی اینڈ ڈبلیو، ایریگیشن، محکمہ تعلیم اور زراعت سمیت دیگر محکموں کے ملازمین یونین عہدیداران شریک تھے۔ آل پاکستان کلر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر سرید خان نے ٹاؤن ہال چوک پر احتجاجی ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ موجودہ نااہل حکومت نے وفاقی و صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کو نظر انداز کیا ہے اور ان کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہ کرکے ظلم کیا ہے۔ ایپکا ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو گریڈ1سے گریڈ20کے ملازمین کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ ہم نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے صوبہ بھر کے پریس کلبوں کے سامنے مظاہرے کئے، صوبائی اسمبلی میں صوبے کے پیش ہونے والے بجٹ کے موقع پر خیبر پختونخواسمبلی کے سامنے تاریخ ساز مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں 300فیصد اضافہ، میڈیکل میں 300سے500فیصد اضافہ ہوچکا ہے، تنخواہوں میں اضافہ ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 80کروڑ روپے کے بینولہ فنڈ کو حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے خرچ کر رہے ہیں، ہمارے فنڈز سے حکومتی مفادات کیلئے ممبران اسمبلی کو خریدا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ اگر ہماری تنخواہوں میں اضافے کے جائز مطالبے کو تسلیم نہ کیا گیا تو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے۔ ایپکا کے ضلعی صدر فدا حسین بلوچ نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرکے انکی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، اب ہم اپنا حق مانگیں گے نہیں بلکہ چھینیں گے، اپنے حقوق کیلئے ڈی چوک اسلام آباد اور بنی گالہ میں احتجاجی دھرنے دینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -