ہرمحاذپرانسدادِ منشیات کیلئے کوشاں ہیں، میجرجنرل محمدعارف ملک
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ڈائریکٹرجنرل انٹی نارکوٹکس فورس پاکستان میجرجنرل محمدعارف ملک نے کہا ہے کہ ہرمحاذپرانسدادِ منشیات کے لیے کوشاں ہیں جس کے لیے عوام کا بھرپورتعاون درکارہے۔انھوں نے یہ بات انٹی نارکوٹکس فورس پاکستان اور راولپنڈی آرٹس کونسل کے اشتراک سے یونیورسٹیز اورکالجزکے طلبہ کی طرف سے بنائے گئے پوسٹرز کی نمائش کا افتتاح اورتقریب تقسیم انعامات کے موقع پرکہی۔انھوں نے کہا کہ ہماری فورس نہ صرف منشیات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے بلکہ منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلانے میں بھی ثانی نہیں رکھتی۔ انھوں نے کہا کہ منشیات سے متعلق کسی بھی قسم کی سرگرمی کی اطلاع انٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کو دی جائے تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جائے۔میجرجنرل محمدعارف ملک نے مزیدکہا کہ نوجوان نسل میں منشیات سے متعلق آگاہی پیداکرنا احسن اقدام ہے ڈائریکٹرڈی ڈی آرمحمدریاض سومرونے کہا کہ ’نشے سے انکار،زندگی سے پیار‘ کے عنوان سے منعقدہ اس مقابلے میں 200 طلباء وطالبات نے حصہ لیا اور جس خوبصورت طریقے سے انھوں نے نشے کے خلاف اپنی نفرت کا اظہارکیا وہ قابل تحسین ہے۔ ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقاراحمدنے کہا کہ یہ ایک نوبل کازہے جس کوقومی فریضہ سمجھ کرہرشہری کوحصہ لینا چاہیے۔ انسدادِمنشیات کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ پوسٹرسازی میں فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی کی نورالہدہ نے پہلی،NCA کی صدف اکرم نے دوسری، پیس کالج مانسہرہ سے زین العابدین نے تیسری، NCA کے محمدطلال نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔اس کے علاوہ حوصلہ افزائی کے انعامات حاصل کرنے والوں میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین فتح جنگ کی سعدیہ بتول،اسلام آبادماڈل کالج برائے خواتین ایف سیون ٹوکی اقصیٰ احمد،گورنمنٹ کالج برائے خواتین پشاورروڈراولپنڈی کی سارہ بی بی اوربحریہ ٹاون انٹرنیشنل اکیڈمی کی ذیمل عامرشامل تھیں