پی ٹی آئی حکومت عوام کو بے وقوف بنا کر برسراقتدار آئی ہے: ناصر حسین شاہ
کراچی(این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ، جنگلات و جنگلی حیات، مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے بیان سے ان کی صحت سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں،بہت عرصہ سے آصف علی زرداری کی صحت کے بارے میں افواہیں گردش کررہی تھیں وہ سب بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر ان کی تصاویر سے ہمیشہ کیلئے دم توڑ گئی ہیں علاوہ ازیں پنجاب میں بھی انہوں نے اپنے کارکنان کا حوصلہ بڑھانے کیلئے بیان دیا تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ روبصحت ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے اور اس کی جڑیں تمام صوبوں میں نچلی سطح تک موجود ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو بے وقوف بنا کر بر سر اقتدار آئی ہے اور ان کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کے بیان کے بعد سب کچھ سامنے آگیا ہے اور ان کے بیان سے پی ٹی آئی کا مکمل ناکام ہونا واضح ہو چکا ہے۔ پاکستانی عوام جو سمجھتی تھی کہ تحریک انصاف بر سر اقتدار آکر دودھ اور شہد کی نہریں بہادے گی اب انہیں اندازہ ہو رہا ہے کہ ہم نے غلط نعروں اور دلاسے میں آکر تحریک انصاف کو ووٹ دیا اور آج کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ تحریک انصاف یو ٹرن لینا چھوڑ دے اور فوراعوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مثبت اقدامات کرے۔
ناصر حسین شاہ