وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے ستارے بھی گردش آگئے، کسی بھی لمحے چھٹی کا امکان
اسلام آباد(آن لائن) سیکرٹری داخلہ اعظم سلیمان کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کے بعدوزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے ستارے بھی گردش میں بتائے جارہے ہیں۔مصدقہ ذرائع کے مطابق اعظم سلیمان نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ اعظم خان کے ساتھ ہونے والی چپقلش کے بعد لی۔اعظم خان اور اعظم سلیمان کے درمیان معمولی باتوں پر بھی تکرار ہونے لگی تھی حتیٰ کہ اعظم خان نے ایسی فائلوں پر بھی اعتراض اٹھائے جن میں فل سٹاپ یا کامے کی بھی غلطی تھی۔ گزشتہ روز وزیراعظم آفس میں یہ خبر عام تھی کہ اعظم خان سے بھی استعفیٰ لیا جارہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ یہی بتائی جارہی کہ اعظم خان اپنے سامنے کسی کو بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔جہانگیر ترین کا معاملہ ہو یا فردوس عاشق اعوان کے خلاف سازش اور یا پھر پنجاب کے چیف سیکرٹری کا تبادلہ ہو یا سیکرٹری داخلہ کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ سب کے ڈانڈے اعظم خان سے جا ملتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس وقت سیکرٹری داخلہ کے عہدے کے لئے ایک بیوروکریٹ محمد علی صاحب زادہ،افضل لطیف،احمد نواز سکھیرا،ڈاکٹر جہانزیب کا نام لیا جا رہا ہے۔ افضل لطیف اعظم خان کا بیج میٹ ہے اور اس کا قابل اعتماد دوست سمجھا جاتا ہے جبکہ باقی بیوروکریٹ بھی اس اہم پوسٹ کے لئے دوڑ میں شامل ہیں البتہ فواد حسن فوادگروپ کی اصل نظریں پرنسپل سیکرٹری کے عہدے پر ہیں اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اعجاز خود یا اپنے کسی بااعتماد ساتھی کو اس عہدے پر دیکھنے لئے بے چین ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی بیوروکریسی میں ہونے والی رسہ کشی کی نشاندہی کی تھی۔
اعظم خان