ڈینگی کے خلاف رواں سال 11514سرگرمیاں، عوامی تحفظ ترجیح ہے: کامران بنگش

ڈینگی کے خلاف رواں سال 11514سرگرمیاں، عوامی تحفظ ترجیح ہے: کامران بنگش

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے خلاف جاری سرگرمیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ اس وقت محکمہ بلدیات سات ڈویژن میں ڈینگی کے خلاف سرگرم عمل ہے اس سلسلے میں اپریل سے لے21جون تک 11514 کامیاب سرگرمیاں عمل میں لائی گئی ہیں جبکہ تا حال متعلقہ ٹیمیں متحرک ہیں۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے ڈینگی کے خلاف کئی گئی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خلاف سرگرمیاں تحصیل میونسپل انتظامیہ، لوکل ایریا اتھارٹیز، واٹر اینڈ سینیٹیشن کمپنیز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات کے دفتر کی جانب سے کی گئی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 7142 سرگرمیاں تحصیل میونسپل انتظامیہ کی سطح پر ہوئی ہیں۔ معاون بلدیات نے مزید کہا کہ 1269 ملازمین پر مشتمل خصوصی عملہ ڈینگی کے خلاف تشکیل دیا گیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بروقت اور بامعنی طریقے سے سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بہترین نکاسی آب بحال رکھنے کے لئے 3508 سرگرمیاں کی ہیں کیونکہ بند نالیاں اکثر ڈینگی کے لئے محفوظ آماج گاہیں ثابت ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ6513آپریشن ان جگہوں میں کیا ہے جہاں پانی جمع ہونے یا نالیاں بند ہونے کا خدشہ تھا۔ڈینگی کے حوالے سے عوام میں آگہی پھیلانے کے لئے کباڑی بازاروں میں 702 سرگرمیاں ہوئیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے 431سرگرمیاں گڑھے بھرنے کے حوالے سرانجام دی جبکہ 904 سرگرمیاں دھوئیں سے ہوا صاف کرنے کے حوالے سے ہوئی اور 965 پرائیویٹ تعمیراتی سائٹس کے معائنہ کے حوالے سے عمل میں لائی گئیں۔ڈویژنل سطح پر ڈینگی کے خلاف اقدامات کی تفصیلات کاذکر کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویڑن میں سب سے زیادہ سرگرمیاں 3183، مردان2884 جبکہ بنوں میں 2194 سرگرمیاں ہوئیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں 417 انٹی ڈینگی سرگرمیاں سرانجام دی ہیں۔ کامران بنگش نے عوام سے اپیل کی کہ اس وقت محکمہ بلدیات کورونا اور ڈینگی کے خلاف بیک وقت سرگرم عمل ہے۔ عوام بھی حفاظتی اقدمات کو یقینی بنائیں کیونکہ عوام کا کردار اس حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کے ساتھ مل کر خیبرپختونخوا کو صاف و صحت مند بنایا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -