کورونا کے باعث مشکل حالات کے باوجود متوازن بجٹ دیا: تیمور جھگڑا

  کورونا کے باعث مشکل حالات کے باوجود متوازن بجٹ دیا: تیمور جھگڑا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات اور تنقید کا جواب دیتے ہوئے ہے کہ ہمارا بجٹ کئی مدات میں مختص کردہ رقوم کے حوالے سے تمام صوبوں میں سرفہرست ہے، اگرچہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے پوری دنیا میں جس قسم کا اقتصادی بحران آیا ہے، ہمیں بھی بھرپور چیلنجز کا سامنا ہے، ان حالات میں،بجٹ 2020-21 کے ترقیاتی بجٹ کو گزشتہ سال کے ساتھ برابر رکھنا مشکل کام تھا لیکن ہم نے وہ کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ کو کئی حوالے سے پذیرائی مل رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کا بجٹ دیگر صوبوں کے مقابلے میں ترقیاتی بجٹ، فی کس ترقیاتی اخراجات، صحت بجٹ میں اضافے، صحت کی مد میں فی کس اخراجات اور ریفامز ایجنڈے کے حوالے سے پہلے نمبر پر رہا ہے، جس کا ثبوت غیر جانبدار ذرائع سے تمام صوبوں کے بجٹ کے حوالے سے چھپنے والی جائزہ رپورٹ ہے۔”خیبرپختونخوا کے صحت بجٹ میں سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد اضافہ کرتے آرہے ہیں جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔گزشتہ 5 سال کے دوران 15 نئے ہسپتال قائم کیے گئے ہیں، 3500 بستروں کا اضافہ کیا گیا جبکہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت صحت کے شعبے کو ایک نئی جہت ملی“ تیمور جھگڑا نے اسمبلی فلور پر کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے مقابلے کے لیے 2 ہزارافراد بھرتی کیے ہیں جبکہ لوکم سکیم کے تحت 18 ہزار ہیلتھ پروفیشنلز نے رجسٹریشن کروائی۔“ خالص بجلی منافع کے حوالے سے ایک سوال کے جواب ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جناب محمود خان صاحب اس معاملے پر خود متحرک ہیں اور وفاق سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ کورونا وائرس کی وباء شروع سے قبل خیبرپختونخوا کو اس مد میں ماہانہ 3 ارب روپے وفاق سے مل رہے تھے، وبا کے دوران یہ سلسلہ متاثر ہوا ہے اور وفاق سے ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے تاہم یہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سے خیبرپختونخوا کو آٹے اور گندم کی سپلائی پر پابندی ختم کر دی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے قائم تمام چیک پوسٹس بھی ہٹا دی گئی ہیں۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ کرک اور کوہاٹ کو گیس رائلٹی مل رہی ہے اور دیگر اضلاع کو بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ان کا مکمل حصہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے اراکین کو بتایا کہ صوبائی حکومت اپوزیشن اراکین کے حلقوں کو بھی حکومتی اراکین کے حلقوں کے برابر توجہ دے رہی ہے۔ اپوزیشن کے رکن اسمبلی کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں مینجمنٹ اور تدریسی عملے پر زیادہ سے زیادہ خرچ کرنا ہے کیونکہ ان کابراہ راست تعلق سروس ڈیلیوری اور تعلیم کے فروغ سے ہے۔ این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتیاں ہو رہی ہیں۔ صوبے میں 500 کمیونٹی سکولز کے قیام کے علاوہ نجی شعبے کے ساتھ مل سکولوں کی ترقی اور بری کارکردگی کیحامل سکولوں کو بہتر بنارہے ہیں اور سیکنڈ شفٹ کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال خیبرپختونخوا میں سندھ اور پنجاب کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی بجٹ خرچ کیا گیا ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ وفاق سے ملنے والے فنڈز اور صوبے نے اپنے محصولات پورے کے پورے خرچ کیے ہیں۔ انہوں نے اس امر کی سختی سے تردید کی کہ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی بجٹ خرچ نہیں ہوا اور لیپس ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا مریضوں کا زیادہ تر رجحان سرکاری ہسپتالوں کی طرف ہے اور ہمارے ہسپتال کسی بھی دوسرے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ خاتون رکنِ پارلیمان کی جانب سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سماجی بہبود اور وومن ایمپاورمنٹ کے کئی منصوبے شامل کیے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی خاتون رکن اسمبلی نے ان سے خاتون کی فلاح و بہبود سے متعلق کسی منصوبے یا تجاویز کے حوالے سے رابطہ نہیں کیا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت سب سے زیادہ عوام پر خرچ کرنے والی حکومت ہے۔ صوبے کا فی کس ترقیاتی خرچ 8957 ہے جو کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ ہمارے بعد سندھ ہے جس جو کہ 4867 فی کس خرچ کر رہا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -