گھریلوتنازعات سے جڑے معاملات ،معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے بڑا یو ٹرن لے لیا ، ویڈیو پیغام جاری کر دیا

گھریلوتنازعات سے جڑے معاملات ،معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے بڑا یو ٹرن لے ...
گھریلوتنازعات سے جڑے معاملات ،معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے بڑا یو ٹرن لے لیا ، ویڈیو پیغام جاری کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی معروف صوفی گلوکارہ نے گلوکاری چھوڑنے کے اعلان کے ایک روز بعد ہی یوٹرن لے لیاہے اور واپسی کا اعلان کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق 23 جون کو گھریلو تنازعات کے بعد گلوکاری سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اگلے ہی روز انہوں پیغام جاری کرتے ہوئے فیصلہ واپس لے لیا ۔صنم ماروی کی جانب سے گلوکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان اس وقت کیا گیا تھا جب ان کی سوتیلی بہن گلوکارہ ریشماں پروین نے ان پر شدید الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔ریشماں پروین نے 22 جون کو سندھی زبان میں ایک مختصر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بہن صنم ماروی نے نجی گارڈز کے ساتھ ان کے گھر میں گھس کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

تقریباً 2 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں ریشماں پروین نے دعویٰ کیا تھا کہ صنم ماروی نے ان کے گھر میں گھس کر اس لیے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کی دھمکیاں دیں، کیوں کہ وہ ان کی تیسری شادی سے متعلق باتیں جانتی ہیں۔ریشماں پروین نے دعویٰ کیا کہ صنم ماروی نے حامد خان سے فروری میں خلع کے بعد کبیب نواز نامی لڑکے سے شادی کرلی ہے۔

سوتیلی بہن کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صنم ماروی نے سندھی نیوز چینل (ٹائمز نیوز) سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ 15 سے 20 دن میں گلوکاری کو چھوڑ دیں گی۔صنم ماروی نے جذباتی انداز میں کہا تھا کہ جب ان کے اہل خانہ ہی ان کے دشمن بن جائیں اور ان کی ملکیت اور پیسا ہی ان کے تنازعات کا سبب بنے تو وہ ایسے شعبے میں مزید کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔گلوکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ خاندانی جھگڑے سامنے آنے کے بعد سندھ کے مداح ان کی کردارکشی کرتے ہوئے ان کے لیے خلاف نامناسب زبان استعمال کر رہے ہیں اور وہ مزید گلوکاری نہیں کرنا چاہتیں۔

صنم ماروی کی جانب سے خاندانی تنازع کو سندھ کے مداحوں سے جوڑنے پر بعض مداح ان سے ناراض بھی دکھائی دیے اور کہا کہ صنم ماروی کو پہلا پیار اور پہلی شہرت سندھ کے لوگوں نے ہی دی اور گلوکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔جس کے بعد گلوکارہ نے ایک ویڈیو جاری کرکے سندھ کے تمام مداحوں سے اپنے رویے پر معافی بھی مانگی اور مداحوں کو منانے کے لیے انہوں نے گلوکاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔

صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر تقریبا ساڑھے 7 منٹ کی سندھی زبان میں جاری کی گئی ویڈیو میں گزشتہ روز موسیقی چھوڑنے کے اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کہنے کا مقصد تھا کہ سندھ کے عوام نے ان کا بیان سنے بغیر ہی ان پر تنقید کرنا شروع کردی، جس وجہ سے انہوں نے غصے میں آکر موسیقی چھوڑنے کا اعلان کیا۔وضاحتی ویڈیو میں صنم ماروی اپنے خاندانی معاملات پر بات کرتے ہوئے جذباتی بھی ہوگئیں اور کہا کہ شوہر سے خلع کے بعد انہوں نے تاحال اپنے بچوں کو نہیں دیکھا اور وہ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہی یہ جنگ لڑ رہی ہیں۔

صنم ماروی نے سندھ کے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے نام سے سرزمین سندھ کی ہیروئن ماروی کا نام نکال لیا جائے تو وہ کچھ بھی نہیں رہیں گی اور وہ سندھ کے مداحوں کو برا بھلا کہنے کی بات سوچ بھی نہیں سکتیں۔صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر سندھی زبان میں ایک پوسٹ میں واپس گلوکاری کی جانب آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناراض مداحوں کو منانے کے لیے سرزمین سندھ پر شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام آکر گائیں گی۔

مزید :

تفریح -