”پاکستانی کرکٹرز انگلینڈ میں زیادہ محفوظ رہیں گے کیونکہ پاکستان میں تو ۔۔۔“ مائیکل ہولڈنگ نے پاکستانی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر حیران کن بات کہہ دی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی کرکٹرز کیلئے انگلینڈ کو زیادہ محفوظ قرار دیا جانے لگا ہے اور ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باﺅلر مائیکل ہولڈنگ کہتے ہیں کہ پاکستان میں وائرس کی صورتحال زیادہ خراب ہے، اگر پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر کوئی اعتراض اٹھا بھی سکتا ہے تو وہ مہمان نہیں بلکہ میزبان بورڈ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب پاکستانی کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت ہے جس کے بعد انگلینڈ کو وائرس کے حوالے سے پاکستان کے مقابلے میں زیادہ محفوظ قرار دیا جانے لگا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر مائیکل ہولڈنگ نے کہاکہ پاکستان میں جو حالات ہیں اس سے انگلینڈ زیادہ بہتر ہے، 4 جولائی سے وہ پابندیوں میں مزید نرمی کرے گا، سماجی دوری 6 فٹ سے کم کرکے 3 فٹ ہوسکتی ہے، وہاں صورتحال تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کے اپنے ملک میں رہنے سے زیادہ بہتر انگلینڈ آنا ہو گا کیونکہ ان کے ملک میں صورتحال خراب ہو چکی ہے اور جب وہ انگلینڈ آئیں گے تو انہیں بائیوسیکیور ماحول میسر آئے گا جہاں خطرہ نہیں ہوگا، ویسٹ انڈین ٹیم مانچسٹر میں موجود اور کسی کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے، کسی کو وائرس ہوا ہوتا تو اب تک سامنے آ جاتا، اس لئے اگر کوئی سمجھتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹور نہیں کرنا چاہیے تو وہ صرف انگلینڈ کہہ سکتا ہے کیونکہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔