” پیسے عدالت میں جمع کراﺅ “ سپریم کورٹ نے حکومت کا مہنگی ترین گاڑیاں خریدنے کا منصوبہ خاک میں ملا دیا

” پیسے عدالت میں جمع کراﺅ “ سپریم کورٹ نے حکومت کا مہنگی ترین گاڑیاں خریدنے ...
” پیسے عدالت میں جمع کراﺅ “ سپریم کورٹ نے حکومت کا مہنگی ترین گاڑیاں خریدنے کا منصوبہ خاک میں ملا دیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکیس دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت 4 ارب روپے کی 400 لگڑری گاڑیوں کے لیے کیسے خرچ کر سکتی ہے ؟ ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 16 لاکھ ہے، یہ گاڑیاں صوبے کے حکمرانوں کے لیے منگوائی گئی ہیں، اس طرح کی لگژری گاڑیاں منگوانے کی اجازت نہیں دیں گے، 4 ارب کی رقم سپریم کورٹ کے پاس جمع کرائیں۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزیر اعظم کہتا ہے کہ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ آمر ہے، اس کی وضاحت کیا ہوگی؟ سندھ حکومت 4 ارب روپے کی 400 لگڑری گاڑیوں کے لیے کیسے خرچ کر سکتی ہے ؟ ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 16 لاکھ ہے، یہ گاڑیاں صوبے کے حکمرانوں کے لیے منگوائی گئی ہیں، اس طرح کی لگڑری گاڑیاں منگوانے کی اجازت نہیں دیں گے، کیا پنجاب، کے پی اور بلوچستان کی حکومت ایسی گاڑیاں منگوا رہے ہیں؟ 4 ارب کی رقم سپریم کورٹ کے پاس جمع کرائیں، 16ملین ٹن گندم سندھ سے چوری ہوگئی، اس کا کیا بنا؟ حکومت ہر کام میں قانون کے مطابق ایکشن لے، پوری حکومت کو 20 لوگ یرغمال نہیں بنا سکتے۔ سندھ حکومت کو لاک ڈاو¿ن کرنا ہے تو کرے لیکن لوگوں کو کھانا، پانی اور بجلی فراہم کرے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ این ڈی ایم اے اربوں روپے ادھر ادھر خرچ کررہا ہے، نہیں معلوم این ڈی ایم اے کیسے کام کررہا ہے، این ڈی ایم اے کے اخراجات پر کوئی نگرانی ہے یا نہیں؟ این ڈی ایم اے باہر سے ادویات منگوا رہا ہے، نہیں معلوم یہ ادویات کس مقصد کے لئے منگوائی جارہی ہیں،دستاویز کے مطابق این ڈی ایم اے نے اپنے جہاز پر نجی کمپنی کے لئے مشینری منگوائی، کیا مشینری کی کسٹم ڈیوٹی ادا کی گئی۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ این ڈی ایم اے کو قانونی تحفظ حاصل ہے، این ڈی ایم اے کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کرتا ہے،این ڈی ایم اے ادویات منگوانے میں سہولت کار کا کردار ادا کررہا ہے۔ ڈیوٹی میں فائدہ کسی کمپنی کو نہیں دیا گیا۔جسٹس اعجازلاحسن نے استفسار کیا کہ باہر سے منگوائی جانے والی ادویات کس کو دی جاتی ہیں، ڈرگ ریگیولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ یہ درآمد کی گئی ادویات جس مریض کو دی جائیں ان کا ریکارڈ رکھا جائے۔ یہ دوا تشویشناک حالت کے مریضوں کے لئے ہے۔ بہتر ہوتا کہ کوائف اکٹھے کرنے کی ذمہ داری سرکاری اسپتالوں کو دی جاتی۔ اگر مریض کے کوائف اکٹھے کرنے شروع کردیں گے تو اتنی دیر میں مریض دنیا سے چلا جائے گا۔ مشینری منگوانے میں این ڈی ایم اے نے نجی کمپنی کو سہولت فراہم کی۔ مشینری پر کسٹم یا ٹیکس نجی کمپنی نے خود جمع کروائی۔

ممبر این ڈی ایم اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 28 کمپنیوں نے مشینری باہر سے منگوانے کے لئے این ڈی ایم اے سے رابطہ کیا، یہ نجی کمپنیاں این 95 ماسک نہیں بنا رہی تھیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح تو یہ نجی کمپنی این 95 ماسک بنانے والی واحد کمپنی بن گئی ہے۔ نجی کمپنی کا مالک دو دن میں ارب پتی بن گیا ہوگا، نہیں معلوم اس کمپنی کے پارٹنرز کون ہیں، ایسی مہربانی سرکار نے کسی کمپنی کے ساتھ نہیں کی، اس کے مالک کا گھر بیٹھے کام ہوگیا، نہیں معلوم کہ باقی لوگوں اور کمپنیوں کے ساتھ کیا ہوا، کورونا وائرس نے لوگوں کو راتوں رات ارب پتی بنا دیا۔ا س میں کافی سارے لوگ شامل ہیں۔

جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ آکسیجن سلنڈر کی قیمت 5 ہزار سے کئی گنا بڑھ گئی ہے، حکومت کہاں ہے؟ عوام کو روٹی، پیٹرول، تعلیم، صحت اور روزگار کی ضرورت ہے،سیاسی لوگ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے پر آگئے ہیں، ٹی وی پر بیان بازی سے عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -