بیوٹی ٹریٹمنٹ کروانے پر سعودی عرب میں ایک درجن اونٹوں کو مقابلہ حسن سے نکال دیا گیا، نا اہل قرار دے دیا گیا
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) بہت سوں کے لیے یہ بات نئی اور حیرت کا باعث ہو گی کہ سعودی عرب میں اونٹوں کا ایک مقابلہ حسن بھی کروایا جاتا ہے۔عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق رواں سال کا یہ مقابلہ حسن گزشتہ دنوں ہوا جس سے 11اونٹوں کو اس لیے نااہل قرار دے کر نکال دیا گیا کہ انہوں نے بوٹاکس کروائے تھے اور دیگر مصنوعی طریقوں سے اپنی خوبصورتی بڑھا رکھی تھی۔
ریماح میں ہونے والے اس ’شاہ عبدالعزیز اونٹ میلے میں ہونے والے اس مقابلہ حسن کی شرط ہے کہ اونٹوں کا حسن فطری ہونا چاہیے۔ تاہم ان 11اونٹوں کے مالکان نے ان کے ہونٹوں اور دیگر عوارض کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے مصنوعی طریقے اپنائے۔ مقابلہ حسن کے انتظامی عہدیدار 31سالہ علی المزروئی کا کہنا تھا کہ ”ان لوگوں نے بوٹاکس کے ذریعے اونٹوں کی ناک ، ہونٹ اور جبڑے خوبصورت بنوائے تھے جس پران دھوکے بازوں کے اونٹوں کو نااہل قرار دے دیا گیا۔“