جوہر ٹاﺅن دھماکہ ماسٹر مائنڈ سمیت تمام سہولت کار گرفتار،ڈیوڈ پیٹریال درحقیقت کہاں کا رہنے والا ہے ؟ حیران کن انکشاف 

جوہر ٹاﺅن دھماکہ ماسٹر مائنڈ سمیت تمام سہولت کار گرفتار،ڈیوڈ پیٹریال ...
جوہر ٹاﺅن دھماکہ ماسٹر مائنڈ سمیت تمام سہولت کار گرفتار،ڈیوڈ پیٹریال درحقیقت کہاں کا رہنے والا ہے ؟ حیران کن انکشاف 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) جوہر ٹاون دھماکے میں را کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہیں، دھماکے میں ملوث ایک شخص کے علاوہ ماسٹر مائنڈ اور تمام سہولت کار گرفتار، دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے آخری خریدار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق جوہر ٹاون دھماکے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے میں ملوث ایک شخص کے علاوہ ماسٹر مائنڈ اور تمام سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پیٹر پال ڈیوڈ نامی دہشت گرد ایئر بلو کی پرواز نمبر PA 407کے ذریعے لاہور سے کراچی فرار ہو رہا تھا، لیکن سی ٹی ڈی نے ملزم کوعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک ڈیپارچر لاونج سے گرفتار کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیموں کو دھماکے میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت مل گئے ہیں، دھماکے کی فنڈنگ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے کی گئی تھی۔ اس دہشت گردی میں ملوث پیڑ پال ڈیوڈ پاکستانی شہری اورکراچی کا مستقل رہائشی ہے، جب کہ دھماکے میں ملوث آخری دہشت گرد کی تلاش ابھی جاری ہے۔ جوہر ٹاون دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی 6 مرتبہ فروخت ہوئی تھی، آخری دفعہ یہ گاڑی ڈیوڈ پال نے گوجرانوالہ میں خریدی تھی۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ پال نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کئے ہیں اور بتایا ہے کہ کسی کے کہنے پر گاڑی مبینہ دہشت گرد کو دی تھی، تاہم ڈیوڈ نے دہشت گرد کی شناخت سے لاعملی کا اظہار کیا ہے، تفتیشی اداروں کو ڈیوڈ سے کار لے جانے والے دہشت گرد کی تلاش ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں ممکنہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی بابو صابو سے شہر میں داخل ہوئی، گاڑی بدھ کی صبح نو بج کر چالیس منٹ کے قریب داخل ہوئی اور بابو صابو ناکے پر گاڑی کی باقاعدہ چیکنگ بھی ہوئی، جب کہ یہ گاڑی اس سے قبل بھی شہر میں دو مرتبہ دیکھی گئی ہے۔

مزید :

قومی -