ٹرین حادثہ، دونوں ٹانگوں سے محروم ہونیوالی لڑکی کی حکومت سے ایسی اپیل کہ کسی کی بھی آنکھیں نم ہوجائیں

ٹرین حادثہ، دونوں ٹانگوں سے محروم ہونیوالی لڑکی کی حکومت سے ایسی اپیل کہ کسی ...
ٹرین حادثہ، دونوں ٹانگوں سے محروم ہونیوالی لڑکی کی حکومت سے ایسی اپیل کہ کسی کی بھی آنکھیں نم ہوجائیں

  

 کراچی (آئی این پی )رواں ماہ ڈہرکی کے قریب خوفناک ٹرین حادثے کے نتیجے میں دونوں ٹانگیں اور خاندان کے پانچ افراد کھو دینے والی بچی نے حکومت سے علاج کرانے کی اپیل کی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں موجود بچی آہ و بکا کرتے ہوئے حکومت سے اپنے علاج کی درخواست کررہی ہے۔ ویڈیو میں بچی کا کہنا ہے کہ میرا نام کائنات ہے اور جس روز یہ حادثہ پیش آیا ہم اس روز بھائی کی شادی کے لیے کراچی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ جارہے تھے، ٹرین میں ہم 9 لوگ سوار تھے جن میں سے 5 اس حادثے میں انتقال کرگئے۔ بچی کے مطابق ٹرین حادثے میں بچ جانے والے 4 افراد میں سے 3 گھر جاچکے ہیں اب اپنے اہل خانہ میں آخری میں ہی ہوں جو ہسپتال میں ہوں۔ کائنات نے اپنی ویڈیو میں حکومت اور وزیراعظم عمران خان سے گزارش کی کہ میرا علاج کروایا جائے تاکہ میں بالکل ٹھیک ہوکر اپنے گھر چلی جاوں۔ کائنات کا کہنا تھا میری حکومت سے گزارش ہے کہ میرے ٹھیک ہونے میں مدد کریں تاکہ میں اپنے پیروں پر چل سکوں اور میرے خاندان کے جو لوگ بچ گئے ہیں ان کے ساتھ رہ سکوں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس کی کئی بوگیاں پٹری سے اترکر دوسرے ٹریک پر آگئیں جس سے مخالف ٹریک سے آنے والے سرسید ایکسپریس جاٹکرائی اور حادثے میں 60 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -