ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا
نیو یارک(ڈیلی پاکستان آن لائن )فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کے صدر نے کہا کہ مختلف ممالک سے متعلق معاملات پر بات کی گئی اور گھانا کو گرے لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ پاکستان بدستور گرے لسٹ میں رہے گا۔
جیو نیوز کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا ورچوئل اجلاس 21 سے 25 جون تک پیرس میں جاری رہا جس میں پاکستان کے بارے میں ایشیا پیسیفک گروپ کی رپورٹ پر غور کیا گیا۔ایف اے ٹی ایف کے صدر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان گرے لسٹ میں برقرار رہے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2018 کے ایکشن پلان کے 27 میں سے 26 اہداف حاصل کرلیے ہیں، پاکستان بدستور نگرانی میں رہے گا اور مختلف معاملات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پیشرفت پر اطمینان ہے، پاکستان کو سزا کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا اور یواین کے نامزد کردہ 1373 دہشت گردوں کو سزائیں دینا ہوں گی۔