لاہور انویسٹی گیشن پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی ،  قتل اور اندھے قتل کی سنگین وارداتوں میں ملوث 7ملزمان گرفتار 

لاہور انویسٹی گیشن پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی ،  قتل اور اندھے قتل کی سنگین ...
لاہور انویسٹی گیشن پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی ،  قتل اور اندھے قتل کی سنگین وارداتوں میں ملوث 7ملزمان گرفتار 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)انویسٹی گیشن پولیس لاہور کو بڑی کامیابی مل گئی ،تحقیقاتی ٹیموں نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، اندھے قتل اور ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری سمیت گمشدہ بچیاں ورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔

اِن خیالات کا اظہار ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان نے آج اپنے دفتر میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایس ایس پی سی آئی اے شعیب خرم جانباز،ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) منصور امان، ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن ذوہیب نصراللہ رانجھا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ انویسٹی گیشن کی پولیس ٹیموں نیقتل، اندھے قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث سات ملزمان کو گرفتار کیا،سی آئی اے پولیس نے کانسٹیبل شہزاد سلیم کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزم رضوان اور پانڈا کو گرفتار کر لیا ہے،کانسٹیبل علاقے میں اچھی شہرت کا حامل اور جرائم پیشہ عناصر کو ان کے عزائم سے منع کرتا تھا جس کا انہیں رنج تھا،ملزم رضوان عرف پانڈا ایک سال سے لاہور پولیس کومطلوب تھا،ملزم رضوان عرف پانڈا کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا ہے۔

اسی طرح انویسٹی گیشن پولیس ہیر نے 19سال کے حافظ اویس علی کو قتل کرنے والے3ملزمان  آصف عرف آسو، عبدالصمد اور آصف عرف سائیکلی کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے حافظ اویس کو اپنی حوس کا نشانہ بنانے کی غرض سے اغواء کیا اور مزاحمت پرحافظ اویس کو سر میں اینٹیں مار کر قتل کر دیا تھا۔ ملزمان نے قتل کی واردات کے بعد نعش بی آر بی نہر میں پھینک دی تھی،ملزمان ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں بھی ملوث پائے گئے۔ ملزمان سے 3موٹر سائیکلیں، نقدی اور ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ انویسٹی گیشن پولیس کاہنہ نے اندھے قتل کی واردات میں ملوث سگے بھائی کو قتل کرنیوالے ملزم عرفان کوگرفتار کیا۔ ملزم عرفان نے اپنے سگے بھائی محمد ارسلان عرف کالی کو گھریلو لڑائی جھگڑے پر قتل کر دیا تھا،مقتول ارسلان عرف کالی سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور درجنوں مقدمات میں ملوث تھا،ملزم عرفان کو  گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن پولیس گارڈن ٹاؤن نے رقم کے معمولی تنازع پر اپنے دوست کو قتل کرنیوالے ملزم شوکت کو گرفتار کیا۔ملزم شوکت نے مقتول احسان عرف پاؤ کورقم کے معمولی لین دین پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ فرار ملزم شوکت کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا ہے۔ شارق جمال خان نے کہا کہ انویسٹی گیشن پولیس اقبال ٹاؤن نے شہری حمزہ عالم کو قتل کرنے والے ملزم نوید الٰہی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نوید الٰہی نے25سال کے شہری حمزہ عالم کو تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ملزم نوید الٰہی کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا ہے۔

اسی طرح انویسٹی گیشن پولیس لوئر مال نے2گمشدہ بچیوں 13سال کی فضا اور9سال کی طاہرہ کو تلاش کر کے ورثاء کے سپرد کیا۔ دونوں بچیاں گھریلو ڈانٹ ڈپٹ کی وجہ سے بغیر بتائے ٹرین سے کراچی چلی گئیں تھیں۔ دونوں گمشدہ بچیاں سہلیاں اور آپس میں ہمسائی بھی ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینےوالوں کےخلاف سختی سےنمٹاجائےگااورجرائم پیشہ عناصرکےخلاف بھرپورکارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -