امریکی ریاست فلوریڈا میں اب تک کا سب سے بڑا مادہ اژدھا پکڑا گیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) محققین کی ٹیم نے امریکی ریاست فلوریڈا میں برمی پائتھن نسل کا اب تک کا سب سے بڑا اژدھا پکڑا ہے، یہ مادہ نر اژدھا سے ملنے کیلئے جا رہی تھی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس مادہ اژدھا کی لمبائی 18 فٹ جب کہ وزن 98 کلوگرام ہے۔جب اس کو پکڑا گیا تو اس وقت اس کے جسم میں 122 انڈے موجود تھے، محققین نے جب اسے پکڑنے کی کوشش کی تو اس کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی جس کے باعث ٹیم کو 20 منٹ سے زیادہ وقت اس کو قابو کرنے میں لگ گیا۔
بی بی سی کے مطابق اس علاقے میں اب تک جو سب سے بڑا نر اژدھا پکڑا گیا ہے اس کی لمبائی 16 فٹ تھی لیکن یہ مادہ اس سے بھی بڑی ہے، اس کی عمر 20 سال سے زیادہ ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ 10 سال سے بھی زائد عرصے سے ریاست فلوریڈا میں قدرتی ماحول کو بچانے کیلئے اژدھے پکڑنے کی مہم جاری ہے۔