پنجاب کے 7 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز27جون سے ہوگا

پنجاب کے 7 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز27جون سے ہوگا
پنجاب کے 7 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز27جون سے ہوگا

  

لاہور ( جاوید اقبال سے ) پنجاب کے 7 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز27جون سے ہوگا۔مہم کے دوران 5 سال تک کی عمرکے50لاکھ81ہزار بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ڈی جی خان، بہاولپور، لیہ اور میانوالی میں انسد ادپولیو مہم3 جولائی تک جاری رہے گی، 39ہزارسے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔

انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلا س ہفتے کے روز صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اورچیف سیکرٹری کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں  ہوا۔ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے حکام کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کیلئے ملک کو پولیو فری بنانا ہوگا۔ہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے سب کو ملکرقومی جذبے کیساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں۔ ڈینگی اور کوویڈ سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلئے گھر گھر جانیوالی پولیو ٹیمیں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔  پولیو ٹیمیں لوگوں کو ڈینگی اور کوویڈ سے متعلق احتیاطی تدابیر سے لازمی طور پر آگاہ کریں۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مئی میں مکمل کی جانیوالی انسداد پولیو مہم میں کوریج کا تناسب 101فیصد رہا اور مقررہ ہدف 2کروڑ19لاکھ کے مقابلے میں 2کروڑ21لاکھ بچوں کو پولیو ویکسئن کے قطرے پلائے گئے۔اکتوبر2020 سے پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -