"یہ نہایت بیہودہ باتیں ہیں" چھوٹے بھائی کے الزامات پر چوہدری شجاعت کا ردِ عمل آگیا

"یہ نہایت بیہودہ باتیں ہیں" چھوٹے بھائی کے الزامات پر چوہدری شجاعت کا ردِ عمل ...

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا اپنے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین کے الزامات پر ردِ عمل آگیا۔

چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے  چھوٹے بھائی وجاہت حسین نے ہمارے گھر  میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں،انہوں  نے میرے بیٹوں پر الزام لگا یا ہے کہ انہوں نے  ڈالر  مانگے،  انہوں نے آصف زرداری سے متعلق الزام تراشی کی،اگر  انہوں نے  یہ باتیں کی ہیں تو یہ نہایت بے ہودہ  باتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹوں کی ایسی تربیت نہیں کی ہے،میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں، میں نے میرے بیٹوں کو ہمیشہ سچ بولنے  اور وعدے کا پاس رکھنے کی تلقین کی ہے،میرے کہنے پر ہی اپوزیشن کے متفقہ امیدوار  شہباز شریف کو ووٹ ڈالا تھا،ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی،طارق بشیر چیمہ کےمتعلق بیان غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

چوہدری وجاہت کے نئی پارٹی بنانے کے بیان پر شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان میں پہلے بھی سینکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چوہدری وجاہت حسین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ چوہدری شجاعت کے بیٹوں نے انہیں یرغمال بنا رکھا ہے، وہ اولاد کے ہاتھوں مجبور ہیں، چوہدری شجاعت کا بیٹا زرداری سے ڈالر مانگ رہا ہے، طارق بشیر چیمہ نے چوہدری خاندان کو تقسیم کردیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -