متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ’فلائی دبئی‘ نے لاہور اور اسلام آباد کے لیے نئی پروازوں کا اعلان کر دیا

متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ’فلائی دبئی‘ نے لاہور اور اسلام آباد کے ...
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ’فلائی دبئی‘ نے لاہور اور اسلام آباد کے لیے نئی پروازوں کا اعلان کر دیا
سورس: Facebook/flydubai

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ’فلائی دبئی‘ نے لاہور اور اسلام آباد کے لیے نئی پروازوں کا اعلان کر دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق پاکستان کے ان دونوں شہروں کے لیے فلائی دبئی کی نئی پروازیں یکم جولائی 2024ء سے شروع ہو رہی ہیں، جو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روزانہ چلیں گی۔


فلائی دبئی کے چیف کمرشل آفیسر حمد عبیداللہ نے کہا ہے کہ ’’پاکستان طویل عرصے سے فلائی دبئی کے لیے ایک اہم مارکیٹ رہا ہے۔ 2010ء میں جب ہم نے پاکستان میں آپریشن شروع کیا تھا،اس کے بعد سے ہم نے مسلسل ڈیمانڈ میں اضافہ دیکھا ہے۔‘‘ 
رپورٹ کے مطابق دبئی سے اسلام آباد کے لیے فلائی دبئی کی پرواز کی ریٹرن بزنس کلا س کا کرایہ ساڑھے 5ہزار درہم (تقریباً 4لاکھ 17ہزار روپے) اور اکانومی کلاس کا کرایہ 1300درہم (تقریباً 98ہزار 500روپے) جبکہ اسلام آباد سے دبئی کے لیے بزس کلاس کا کرایہ 4لاکھ روپے اور اکانومی کے لیے 1لاکھ 20ہزار روپے ہے۔ 
اسی طرح دبئی سے لاہور کی پرواز میں ریٹرن بزنس کلاس کا کرایہ ساڑھے 5ہزار درہم (تقریباً 4لاکھ 17ہزار روپے) اور اکانومی کلاس کا کرایہ1200درہم (تقریباً91ہزار روپے ) جبکہ لاہور سے دبئی کے لیے بزنس کلاس کا 4لاکھ روپے اور اکانومی کلاس کے لیے 1لاکھ 20ہزار روپے ہے۔ 
واضح رہے کہ فلائی دبئی نے 2010ء میں کراچی سے پاکستان میں اپنے فلائٹ آپریشنز کا آغاز کیا تھا اور اب کراچی کے علاوہ اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ملتان، کوئٹہ اور سیالکوٹ کے لیے بھی فلائی دبئی کی پروازیں چل رہی ہیں۔

مزید :

عرب دنیا -