خیبر ایجنسی میں کامیابیاں!

خیبر ایجنسی میں کامیابیاں!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کی نمایاں کامیابی کے بعد آپریشن خیبر ٹو میں بھی اہم اہداف حاصل کئے ہیں۔ آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق فضائیہ کی مدد سے مسلح افواج نے خیبر ایجنسی کے علاقے سوکھ سے دہشت گردوں کو مار بھگایا اور درہ مستول پر کنٹرول حاصل کر لیا جس کی وجہ سے دہشت گردوں کا اس راستے سے آنا جانا بند ہو گیا یہ راستہ افغانستان کی حدود سے پاکستان کی سرحد کے اندر آنے جانے کے لئے استعمال ہوتا تھا۔پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شروع کی گئی یہ مہم اب تک کئی اہداف حاصل کر چکی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ یہ جنگ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی اور شہروں سے بھی دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا۔ پاک فوج کی کامیابیوں کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں مسلسل ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں معتدبہ کمی آئی ہے۔ تاہم ملک بھر میں پھیلے ہوئے یہ ظالم لوگ پھر بھی کوئی نہ کوئی کارروائی کرتے رہتے ہیں، انہی وارداتوں کی وجہ سے جنرل راحیل شریف نے شہروں میں بھی دہشت گردوں کا صفایا کرنے کی بات کی ہے۔
یہ ایک افسوسناک اور دُکھ بھری حقیقت ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے اس کی وجہ سے ہزاروں جانیں ضائع ہو چکیں۔ عبادت گاہوں اور سکولوں کے بچوں تک کو نہیں بخشا گیا، ان حالات میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہئے جس کے جوان شہادت پا کر ملک سے اس ناسور کو ختم کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور اب کامیابی کے امکانات بھی بڑھ گئے تاہم ابھی منزل پانا ہی اصل ہدف ہے۔جنرل راحیل شریف اور پوری پاک فوج مبارکباد کی مستحق ہے اور قوم بھی ان کے ساتھ ہے۔ جنوبی وزیرستان سے بے گھر ہونے والوں کی واپسی بھی شروع ہے اور چند روز تک شمالی وزیرستان والے بھی اپنے گھروں کو جائیں گے۔ان شا اللہ العزیز

مزید :

اداریہ -