پاکستانی حکومت بحرانوں سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے‘ نجم الثاقب
جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)پاکستان کے امن پسندلوگ دنیابھرکے مختلف ممالک میں موجود ہیں جہاں جمہوریت رائج ہے اورلوگ امن اورعزت ووقارسے رہ رہے ہیں ۔ پاکستان میں جمہوری اصولوں کی ترویج کے ساتھ ساتھ لوگ اپنے بنیادی حقوق سے آگاہ ہیں۔ آنے والے کل میں وہ ایک نمایاں تبدیلی کے علم بردارہونگے۔ ان خیالات کااظہارپاکستانی ہائی کمشنر نجم الثاقب نے پریٹوریامیں یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی حکومت معیشت‘ سیکورٹی اورتوانائی سے متعلق بحرانوں سے نمٹنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے اور اس سمت میں نمایاں پیش رفت ہورہی ہے۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نجم الثاقب نے پاکستان میں آزادانہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کی بھی نشاندہی کی اور عالمی برادری خاص طور پرجنوبی افریقہ کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ نجم الثاقب نے پاکستان ویژن2025کابھی ذکرکیااورکہا کہ اس ویژن کے تحت 2025تک پاکستان کو ایک ایسی معیشت بناناہے جہاں توانائی بحران بالکل نہ ہواورملک ایک طاقتور معیشت کے روپ میں ابھرکردنیاکے سامنے آئے گا۔ تقریب کے مہمان خصوصی جنوبی افریقہ کے نائب وزیربرائے ہیومن سیٹلمنٹ میڈم زاؤکوٹا فریڈرکس نے بھی اپنے خطاب میں جنوبی افریقہ اورپاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کا ذکرکیااورکہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعلقات بالخصوص تجارت میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور اس امیدکااظہارکیاکہ پاکستان اپنے مسائل سے چھٹکاراپاتے ہوئے جلد ہی علاقے کا ایک پرامن ملک بن کر سامنے آئے۔ اس موقع پر پاکستانی مصنوعات کی ایک نمائش بھی منعقد کی گئی جس میں کارپٹ‘ سرجیکل مصنوعات‘ سپورٹس مصنوعات‘ چاول اور برآمدکی جانے والی دیگراشیاء شامل تھیں۔ سفارتی حلقوں ‘ ممبران پارلیمنٹ‘ حکومتی عہدیداران‘ دفاعی حلقوں اورکاروباری کمیونٹی پر مشتمل 200سے زائدافراد نے تقریب میں شرکت کی ۔