عراقی وزیراعظم 14اپریل کواوباما سے ملاقات کریں گے،وائٹ ہاؤس
واشنگٹن (آئی این پی) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی اگلے ماہ اپنے امریکی دورے کے دوران 14اپریل کو صدر باراک اوباما سے ملاقات کریں گے۔عالمی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس میں ہو گی۔ اعلان کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں لیڈروں کی ملاقات سے عراق اور امریکا کی اسٹریٹیجیک پارٹنرشپ کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اِس ملاقات میں خاص توجہ عراق میں اسلامک اسٹیٹ کی سرگرمیوں اور امریکی قیادت میں جاری مشترکہ جنگی حکمت عملی پر مرکوز رہے گی۔ امریکا اور عراق کے درمیان طے شدہ اسٹریٹیجیک فریم ورک معاہدے میں سیاسی، تجارتی اور ثقافتی شراکت و تعاون شامل ہے۔