تیسرے ’’سروس ہم ایوارڈز 2015ء ‘‘کاانعقاد
لاہور(فلم رپورٹر) ہم نیٹ ورک کے زیر اہتمام پاکستان ٹیلی وژن صنعت کے سب سے معروف اور بڑے ایوارڈ شو ’’سروس ہم ایوارڈز 2015‘‘ کی تاریخ اور مقام کے اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال ہم ٹی وی کی 10سالہ جشن تقریبات کا حصہ بناتے ہوئے اپنے نوعیت کے انتہائی منفرد سروس ہم ایواڈز کا انعقاد 9اپریل کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر دبئی میں کیا جارہا ہے۔ کسی بھی ٹیلی وژن نیٹ ورک کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر کوئی ایوارڈ شو منعقد کئے جانے کا پہلا موقع ہے ‘ اس کا مقصد دنیا بھر میں ہم نیٹ ورک کی کامیابی اور اس کے ڈراموں کی مقبولیت کا جشن منانا ہے۔ ٹیلی نار کے اشتراک سے پیش کئے جانے والے تیسرے سروس ہم ایوارڈز میں پاکستانی تفریحی صنعت سے تعلق رکھنے والے کئی جگمگاتے ستارے دنیا کے سامنے پہلی بار اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستانی تفریحی صنعت کے نامور ستاروں کے علاوہ تیسرے سروس ہم ایواڈز میں کئی بین الاقوامی ستارے بھی اپنے فن کا مظاہر کرتے نظر آئیں گے۔ فنکاروں اور ستاروں سے جگمگاتے سروس ہم ایوارڈز کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے ۔ اس ایوارڈ کے انعقاد کا مقصد ہم نیٹ ورک کے ڈراموں سے وابستہ فنکاروں‘ ہدایتکاروں‘ گلوکاروں‘ لکھاریوں کے علاوہ ڈرامے پیش کرنے والوں کو عالمی معیار کے ڈرامے تخلیق کرنے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مختلف شعبوں میں ایوارڈز سے نوازا جانا ہے ۔ اس ایوارڈ کے ذریعے پاکستان کی موسیقی اور فیشن کی صنعت سے وابستہ فنکاروں کوبھی مختلف شعبوں میں ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے جن کا انتخاب غیر جانبدار ججوں پر مشتمل پینل کرتا ہے۔ مذکورہ ایوارڈز کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ناظرین کو 4 شعبوں میں اپنے پسندیدہ امیدواروں کو بذریعہ انتخاب کا موقع دیا جاتا ہے۔ سروس ہم ایوارڈز میں پاکستانی تفریحی صنعت کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے والے فنکاروں کوبھی مختلف شعبوں میں ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔ ناظرین اپنے پسندیدہ فنکاروں کو ووٹ دینے کے لئے 447130پر کال کرسکتے ہیں یا پھراپنے پسندیدہ فنکار کا کوڈ نمبر اس نمبر پر ایس ایم ایس کر کے انہیں ووٹ دے سکتے ہیں۔ ہم ٹی وی پاکستان اور پڑوسی ملک انڈیا کے علاوہ پوری دنیا میں اپنے انوکھے ڈراموں کے حوالے سے خاصی مقبولیت رکھتا ہے اور اسی چینل کی میں اعلی ٰکارکردگی کی بدولت کئی پاکستانی فنکاروں کو پڑوسی ملک سے فلموں کی پیشکش بھی ہوئی ہیں ۔ بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے اس ایوارڈ شو سے نہ صرف پاکستانی تفریحی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کا نام دبئی کی رنگین تفریحی صنعت میں بھی اُجاگر ہوگا۔