تمام زیر تعمیر توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے

Mar 25, 2015

 اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا ہے کہ صنعتی سرگرمیوں کی بحالی اور معیشت کے استحکام کیلئے تمام زیر تعمیر توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے کیونکہ توانائی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کو حل کئے بغیر معیشت کو بحال کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں 2016ء تک 2000ء میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے کی تکمیل، 2017ء تک 1000 میگاواٹ کے سنٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیاء (کاسا 1000) توانائی منصوبے کی تکمیل اور چین سے 4000 میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کا منصوبہ شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات اٹھائے تاکہ ملک کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کی بہتر ترقی، برآمدات میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پید کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے توانائی بحران پر قابو پانا اشد ضروری ہے لہذا حکومت توانائی شعبے کی ترقی کو اولین ترجیح دے تا کہ توانائی میں خودکفالت حاصل کر کے پاکستان تیز رفتار ترقی کے راستے پر گامزن ہو سکے۔

مزیدخبریں