پیشی پر آنے والے پر مخالفین کا حملہ، بال مونڈھ دیئے
لاہور(نامہ نگار)سیشن کورٹ میں مخالفین نے پیشی پر آنے والے شخص کے سر اور منہ پر بال صاف کرنے والی کریم لگا کر اس کے بال مونڈھ دیئے ،سیکورٹی اہلکاروں نے دونوں گروپوں کے افراد کو پکڑ کوتھانہ اسلام پورہ پولیس کے حوالے کردیا۔بازار حکیماں اندرون بھاٹی گیٹ کا رہائشی فخرالدین گزشتہ روز اپنے خلاف اقدام قتل کے ایک مقدمہ میں ایڈیشنل سیشن جج تجمل حسین کی عدالت میں پیش ہونے کے لئے آیا ہوا تھا اسی اثناء میں مخالفین وقاص وغیرہ بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے فخر الدین کو پکڑ کر اس کے منہ اور سر پر بال صاف کرنے والی کریم لگادی جس کے باعث فخرالدین کے سر کے بالوں کے علاوہ اس کی داڑھی مونچھیں اور بھنویں وغیرہ کے بال بھی صاف ہوگئے اور دونوں مخالفین گروپ ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریبان ہو گئے ،شور کی آواز سن کر سیکورٹی اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے مذکورہ افراد کو مقامی تھانے کے حوالے کردیاہے۔