ون ویلنگ کیخلاف خصوصی مہم میں 23 ویلر گرفتار،مختلف تھانوں میں مقدمات درج

ون ویلنگ کیخلاف خصوصی مہم میں 23 ویلر گرفتار،مختلف تھانوں میں مقدمات درج

لاہور(وقائع نگارخصوصی)چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے خصوصی مہم کے دوران ابتک 23ون ویلرز کو گرفتار کرکے انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرادئے ہیں ۔انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون ویلرز کے خلاف جاری مہم کو کامیاب کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلائیں۔سی ٹی او نے کہاکہ ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے،اس سے قبل شہر بھر میں ون ویلنگ کے بارے میں آگاہی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مختلف طبقہ فکر سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ٹریفک پولیس کی اس کاوش کو سراہا ۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ون ویلنگ کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس کے خصوصی اسکواڈز نے ون ویلرز کی ویڈیو فلم اور دیگر شواہد سمیت 23 افراد کومختلف تھانوں کے حوالے کردیا جن کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں ۔انہوں نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روک کر انکی زندگی اور قوم کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کے خلاف گلبرگ میں 9، ڈیفنس میں ایک، شادمان میں 8 اوراچھرہ میں 5 مقدمات درج کئے گئے۔ دریں اثنا چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ عزم پاکستان پریڈ میں شریک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے موٹر سائیکل اسکواڈ کے 6خواتین سمیت 53اہلکاروں کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا سٹی ٹریفک پولیس کا ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ عوامی تقریبات میں شرکت کرنا خوش آئند اور پولیس عوام دوستی کی ایک زندہ مثال ہے۔ طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پرسٹی ٹریفک پولیس کے موٹر سائیکل اسکواڈ کو اچھی تربیت کرانے پر انسپکٹر اصغر کو 2ہزار روپے،اسد کوایک ہزار روپے ،6لیڈی ٹریفک وارڈنز اور 750ccہیوی بائیک سوار اہلکاروں سمیت 53ٹریفک وارڈنز کو ایک ایک ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی خدمت اور اچھے اخلاق کو اپنے فرائض کا حصہ بنائیں تاکہ پولیس عوام دوستی کا رشتہ مضبوط ہو اور ہر شہری ٹریفک کی روانی میں اپنا اخلاقی کردار اداکرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دے۔

مزید : علاقائی