حریت قیادت سے مشاورت پر بھارتی اعتراض مسترد ،کشمیری مسئلہ کشمیر کے اصل فریق ہیں ،پاکستان

حریت قیادت سے مشاورت پر بھارتی اعتراض مسترد ،کشمیری مسئلہ کشمیر کے اصل فریق ...

 اسلام آباد( اان لائن ،اے این این) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنماؤں سے مشاورت پر بھارتی اعتراضات یکسر مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے اہم فریق ہیں اور یہ دیرینہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے سے حل ہونا چاہیے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کشمیری حریت رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا یہ ہمیشہ موقف رہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن ، اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ جموں وکشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ کشمیری اس مسئلے کے اہم فریق ہیں اور انہیں خودارادیت کا حق استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر پائیدار، غیر مشروط اور نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے پرعزم ہے

مزید : صفحہ اول