ظفر اقبال گوند ل کی ضمانت کیلئے دائر 6 درخواستوں میں سے ایک پرفیصلہ محفوظ
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ای او بی آئی سکینڈل کے ملزم ظفر اقبال گوندل کی ایک درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ ملزم کی طرف سے دائر ضمانت کی مزید 5درخواستوں کی سماعت کے لئے 26مار چ کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کرلیا ہے۔مسٹر جسٹس علی باقر نجفی نے ای او بی آئی سکینڈل کے مرکزی ملزم ظفر اقبال گوندل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا ہے ، ایف آئی اے نے لاہور میں اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن کے نام پر خریدی گئی اراضی میں 164کروڑ روپے کی کرپشن کے الزامات کے تحت سات مقدمات درج کئے ہیں تا ہم ایک مقدمہ میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہو چکی ہے ، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ نیسپاک کی رپورٹ کے مطابق ملزم نے جو اراضی خریدی اس کی قیمت آج 265کروڑ روپے ہو چکی ہے ، درخواست گزار نے انسٹیٹیوٹ کے مفاد میں تمام اراضی خریدی ،ملزم کے خلاف دائر بے بنیاد مقدمہ میں ضمانت منظور کی جائے اور رہا کرنے کا حکم دیا جائے، ایف آئی اے کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عمران عزیز اور ای او بی آئی کے وکیل کاشف چودھری نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے غریب ملازمین کے فنڈز میں گھپلے کئے اور سفارشوں کی بنیاد پر تعیناتیاں کیں، اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن کے فنڈز سے زرعی اراضی کو کمرشل اراضی کی قیمتوں میں خریدا گیا اور بڑے پیمانے پر کرپشن کی ، ایف آئی اے نے لاہور میں اراضی سے متعلق ملزم سے ابھی تفتیش کرنا ہے ،ملزم کی درخواست ضمانت خارج کی جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور باقی 5مقدمات میں بحث کے لئے فریقین کے وکلاء کو 26مارچ کو طلب کر لیا۔ فیصلہ محفوظ