کنٹونمنٹ بورڈزکے بلدیاتی انتخابات ،پی ٹی آئی نے امیدوارشارٹ لسٹ کرلئے
لاہور (نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف نے کینٹ ٹاؤن کے بلدیاتی امیدواروں کے انٹر ویوز مکمل کر کے شارٹ لسٹنگ کرلی ہے اور باہم صلاح مشورے کے بعد حتمی ٹکٹ ہولڈر ز کا اعلان جلد متو قع ہے ،تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی کی مقامی تنظیموں ،سابق امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی عہدیداران کی سفارشات کے بعد کینٹ کی 20نشستوں کیلئے امیدواروں کے خود انٹر ویوز کئے جو رات گئے جاری رہے ،ان میں والٹن بورڈ کیلئے 10اور کینٹ بورڈ کیلئے 10 سیٹیں شامل ہیں جن کیلئے پارٹی کو 00 1سے زائددر خواستیں موصول ہوئیں جن کی جانچ پرتال اور ابتدائی انٹر ویوز لاہور کینٹ سے سابق ایم پی اے اور پی ٹی آئی کے سنئیر نائب صدر شعیب صدیقی نے لیئے ،اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے علاقے میں پڑھے لکھے اور باشعور عوام کا ووٹ بنک تحریک انصاف کے ساتھ ہے جنہوں نے عام انتخابات میں بھی پارٹی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا وہ انشاء اللہ 25اپریل کو ثابت کریں گے کہ انُ کا ووٹ صرف اور صرف عمران خان کیلئے ہے ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جیتنے والے کارکنوں اور پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھنے والوں کو آگے لائے گی اور بلدیاتی الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کریں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے جیتنے والے لیگی وزراء بھی کینٹ کے علاقوں میں اپنی شکست کا برملا اعتراف کرتے ہیں اور انہیں 25اپریل کو ایک مرتبہ پھر عام انتخابات جیسی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ۔کینٹ ٹاؤن کے الیکشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور پی ٹی آئی نے ہر یونین کونسل میں ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم پہلے ہی شروع کر رکھی ہے ،نواز لیگ کے امیدوار سامنے آچکے ہیں اور اب ہم زیادہ بہتر فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں ۔