گرمی آتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھنے لگی ،پیداوار ڈیمانڈ کے نصف سے بھی کم رہ گئی
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں گرمی کی لہر آتے ہی لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل سے باہر آنے لگا ۔ حکومت کے مارچ میں ایل این جی کی درآمد شروع ہونے سے لوڈ شیڈنگ کم ہونے اور رواں موسم میں لوڈ شیڈنگ کم ہونے کے دعوے موسم گرما کے آغاز پر ہی دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ ڈیمانڈ میں اضافہ اور پیداوار میں کمی کے باعث شہروں اور دیہات میں لوڈ شیڈنگ کا تسلسل روز بروز بڑھنے لگا ہے ۔ فرنس آئل اور ڈیزل کی سپلائی کم ہونے کی وجہ سے تھرمل یونٹ اور ائی پی پیز کی پیداوار گنجائش کے مقابلہ میں آدھا سے بھی کم رہ گئی ۔ پیداوار کم ہو کر ساڑھے اٹھ ہزار میگا واٹ کی سطح پر آ گئی جبکہ ڈیمانڈ ساڑھے چودہ ہزار میگا واٹ کے قریب پہنچ گئی ہے ۔ گزشتہ روز مرمت کے نام پر تمام سب ڈویژنوں میں دو سے تین فیڈرز بند کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا ۔ وی ائی پی اور وی وی ائی پیز فیڈرز بجلی سے مستثنی رہے اس کے علاوہ کئی پاپوش علاقوں میں بھی بجلی کی مسلسل فراہمی کا سلسلہ جاری رہا ۔ گزشتہ روز شہروں میں بارہ سے تیرہ گھنٹے جبکہ دیہات و چھوٹے شہروں میں سولہ سے سترہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ ملک بھر میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہونے کے باعث آنے والے دنوں میں شارٹ فال مزید بڑھ جائے گا جس سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھانا پڑے گا ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 14320 میگا واٹ جبکہ پیداوار 8630 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 5690 میگا واٹ کا فرق رہا ۔