سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر فیصل آباد میں شٹر داؤن ہٹرتال

سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر فیصل آباد میں شٹر داؤن ہٹرتال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 فیصل آباد( بیورورپورٹ) سنی اتحاد کونسل اور دوسری تنظیمات اہلسنّت کی اپیل پر علماء کی گرفتاریوں ، درود و سلام پر پابندی ،اذان کی آواز محدود کرنے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف فیصل آباد میں شٹر داؤن ہڑتال ہو ئی اور شہر کی اکثر مارکیٹیں بند رہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے بہت کم دکھائی دی۔سنی اتحاد کونسل ، عوامی تحریک ،پاکستان سنی تحریک ،سنی علماء بورڈ،منہاج القر آن ، تنظیم المساجد پاکستان، سنی یوتھ ونگ کے کارکنان ٹولیوں کی شکل میں بازاروں اور مارکیٹوں کی گشت کرتے رہے جبکہ گھنٹہ گھر چوک میں احتجاجی جلسہ عام ہوا ۔ جلسہ عام سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ لاؤڈ سپیکرمیں درود و سلام پڑھنے پر پابندی قبول کرکے اپنے ایمان کا سودا نہیں کرسکتے۔پنجاب حکومت کو دین دشمنی اور اہلسنّت کش پالیسیاں مہنگی پڑیں گی ۔علماء کے خلاف درج کئے گئے مقدمات کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ گرفتار علماء کو رہا نہ کیا گیا اور جھوٹے مقدمات ختم نہ کئے گئے تو پورے ملک میں ہڑتال کی کال دیں گے۔پنجاب حکومت ایمپلی فائر آرڈیننس واپس لے کر اس میں ضروری ترامیم کرے۔اہلسنّت کے خلاف حکومتی نا انصافیاں اور ناروا سلوک بند نہ ہوا تو لانگ مارچ کریں گے اور حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے۔احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ درود وسلام اور اذان کی آواز کو محدود کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی ۔درود و سلام کی مقدس آواز کو دنیاکی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔صاحبزادہ حسن رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اذان کی آواز کو دبانے والے حکمران اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکتے۔ مساجد میں جوتوں سمیت آنے والے پولیس اہلکاروں کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔ میاں فہیم اختر نے کہا کہ صوفیاء کے ماننے والوں سے امتیازی سلوک شرمناک ہے۔جلسہ عام سے بشارت جسپال، طارق چشتی ، فرحان قادری ، عابد قمر نورانی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔احتجاجی جلسہ میں منظوری کی گئی قرار دادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ یو حنا آباد کے موقع پر زندہ جلا ئے گئے حافظ نعیم اور بابر کے قاتل گرفتار کئے جائیں اور ان کے لواحقین کو پچاس پچاس لاکھ روپے دیئے جائیں۔ پنجاب حکومت لاؤڈ سپیکر آرڈینس کو ختم کرکے ضروری ترامیم کرے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ شٹر داؤن ہڑتال

مزید :

صفحہ آخر -