104 سالہ خاتون نے اپنی لمبی عمر کا ناقابل یقین راز بتا دیا،سب کو حیران کر دیا
نیویارک (نیوز ڈیسک) کولا ڈرنکس کو صحت کے لئے انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے مگر دنیا کے معمر ترین افراد میں شمار ہونے والی خاتون الزبتھ سلیون نے اسے اپنی صحت مند اور لمبی زندگی کا راز قرار دے کر ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔الزبتھ کی عمر 104 سال ہے اور نہ صرف ان کی بصارت اچھی حالت میں ہے بلکہ وہ چھڑی کی مدد سے بآسانی چل پھر بھی سکتی ہیں اور اپنے روز مرہ امور بخوبی سرانجام دیتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ گزشتہ تقریباً نصف صدی سے وہ ڈاکٹر پیپر نامی سافٹ ڈرنک کی تین بوتلیں روزانہ پیتیں ہیں اور وہ اس مشروب کو ہی اپنی صحت اور طویل زندگی کا راز قرار دیتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں کئی ڈاکٹروں نے بتایا کہ یہ مشروب انہیں ہلاک کردے گا لیکن اتفاق کی بات ہے کہ یہ سب ڈاکٹر دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں مگر وہ ابھی بھی زندہ ہیں۔ خاتون کی ڈاکٹر پیپر مشروب کے لئے غیر معمولی پسندیدگی کا اعتراف کرتے ہوئے کمپنی کے سی ای او کی طرف سے ان کی 104ویں سالگرہ پر ان کے لئے خصوصی تحائف بھی بھیجے گئے ہیں۔