دوران پرواز ایک مسافر کا واش روم کا دورہ ایئر لائن کمپنی کو دو کروڑ روپے میں پڑا
لندن (نیوز ڈیسک) برٹش ایئرویز کی ہیتھرو سے دبئی جانے والی ایک پرواز میں ایک مسافر نے جہاز کے بیت الخلا میں ایسی بدبودار حرکت کردی کہ نہ صرف جہاز کو واپس اتارنا پڑگیا بلکہ ایئرلائن کو تقریباً ڈیڑھ لاکھ برطانوی پاؤنڈ (تقریباً سوا دو کروڑ پاکستانی روپے) کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔یہ پرواز 12 مارچ کو برطانوی شہر ہیتھرو سے روانہ ہوئی تھی اور اسے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت دبئی پہنچنا تھا۔ ابھی پرواز یورپی شہر برسلز تک ہی پہنچی تھی کہ اچانک مسافروں نے بیت الخلا سے آنے والی ناقابل برداشت بو کی وجہ سے شور بلند کردیا۔ کپتان نے 200مسافروں کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ طیارے کو ہیتھرو واپس لے جایا جارہا ہے۔ تمام مسافروں کو ایک رات کے لئے ہوٹل میں ٹھہرانا پڑا اور ان کے کھانے کا بندوبست بھی کرنا پڑا۔ ایک اندازے کے مطابق پرواز کے واپس آنے اور اگلے دن تاخیر سے روانہ ہونے کی وجہ سے ایئرلائن کو ہونے والا نقصان سوا دو کروڑ پاکستانی روپے سے زیادہ ہے جبکہ اس میں ایندھن اور اضافی عملے کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔ ایئرلائن کی طرف سے طیارے کے بیت الخلا میں ناقابل یقین بدبودار حرکت کرنے والے مسافر کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اس کی شناخت بتائی گئی ہے۔