بل گیٹس کا عمران خان کوخط ،خیبرپختونخواہ میں پولیو کی نگرانی کیلئے میپنگ ٹیکنالوجی کی پیشکش
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو خط لکھاہے جس میں پولیو کے خلاف عمران خان کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا ۔
خط میں بل گیٹس نے لکھاکہ آپ کا پولیو کے خلاف عزم حوصلہ افزاءہے ، صحت کا اتحاد مہم میں پاک فوج ، وفاق اور صوبائی حکومت کے اقدات کی تعریف کی گئی ۔بل گیٹس کی جانب سے عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں مزید بہتری کے لئے صحت کے منصوبوں کی موثر نگرانی کے لئے جدید ترین سیٹلائٹ ٹیکنالوجی فراہم کرنا چاہتے ہیں جو نائجیریا میں بھی پولیو کے خاتمے کے لئے کامیابی سے استعمال کی جاچکی ہے اور اس کی مدد سے ڈاکٹرز، ہسپتالوں کی بروقت اور موثر نگرانی ہوسکتی ہے۔
بل گیٹس نے خط میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی براہ راست نگرانی پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے ضروری ہے، آپ کی چیف سیکریٹری اور صوبائی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے بات چیت پولیو کے خاتمے کی مہم چلانے میں مددگار ثابت ہوگی اور اس حوالے سے آپ سے بات کرنے کے لئے ڈاکٹر وقار اجمل کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔