کراچی آپریشن ، بڑے بڑے برج الٹانے کا منصوبہ ، کراچی میں امن وامان کیلئے آپریشن ضروری ہے: وزیراعظم نوازشریف

کراچی آپریشن ، بڑے بڑے برج الٹانے کا منصوبہ ، کراچی میں امن وامان کیلئے ...
کراچی آپریشن ، بڑے بڑے برج الٹانے کا منصوبہ ، کراچی میں امن وامان کیلئے آپریشن ضروری ہے: وزیراعظم نوازشریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کو شہر بنانا ہے تو یہاں آپریشن بہت ضروری ہے، یہ آپریشن کسی سیاست جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ہے جبکہ ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعظم نواز شریف جلد ہی کراچی آپریشن کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیدیں گے جس میں کارکنان کے بعد قائدین کو بھی حراست میں لیاجائے گااور اس کیلئے سیکیورٹی فورسز بھی پرعزم ہیں ۔
کراچی سٹاک ایکس چینج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کو ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب  میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر شروع کیا گیا اور اسی کی وجہ سے شہر میں جرائم پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے، وہ وقت جلد ہی آنے والا ہے جب شہر قائد سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا ،اس کے بغیر خوشحالی نہیں آسکتی اور کراچی میں ترقی نہیں ہوگی تو پاکستان میں بھی ترقی نہیں ہوگی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ذریعہ استعمال کررہی ہے، ہمیں سخت محنت کرکے ملک کو مشکلات سے نکالنا ہوگا۔
اُنہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
دوسری طرف ایک انگریزی اخبار کے ذرائع کاکہناہے کہ امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم کو کراچی کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی اور آپریشن سے متعلق دوسرے مرحلے سے متعلق غور کیاجائے گاجس کی منظوری جلد ہی وزیراعظم نوازشریف دیدیں گے ۔ ذرائع نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ کے عسکری ونگ کے ممبرز کو حراست میں لیا جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹارگٹ کلنگ ، قبضے یا بھتے سمیت دیگر جرائم میں ملوث قائدین کو حراست میں لیاجائے گا، ایم کیوایم کے وفاق اور سندھ اسمبلی میں موجود سینئرسیاستدانوں سے بھی پوچھ گچھ کی جاسکتی ہے ۔
ذرائع نے بتایاکہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق جرائم میں ملوث افراد کو پکڑکر سزادلانے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ حکومت اورسیکیورٹی فورسز ایم کیوایم کو خاص طورپر ٹارگٹ کیے جانے کے دعوﺅں کو بھی جھوٹاثابت کرے گی ۔
ذرائع کاکہناتھاکہ اراکین اسمبلی کے ایک اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایاکہ جرائم کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے ۔

مزید :

قومی -Headlines -