حق چھیننے سے ملے گا، نواز، زرداری پارٹنر شپ توڑ چکا، آج کا جلسہ دیکھ کر الطاف حسین کی یاد آ گئی: عمران خان
میر پور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب آزاد کشمیر کے فیصلے آزاد کشمیر میں ہی ہوں گے، نواز شریف اور آصف زرداری کی پارٹنر شپ توڑ دی ہے، عوام کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے نجات دلائیں گے، ثابت کریں گے کہ نواز شریف کا مینڈیٹ جعلی ہے، آج کا جلسہ دیکھ کر الطاف حسین کا جلسہ یاد آ گیا، اگلا جلسہ کراچی میں الطاف حسین کو شکست دینے کیلئے ہو گا۔
میر پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک غریب اور مقروض ہوتا جا رہا ہے اور لیڈر امیر بنتے جا رہے ہیں، حکمرانوں کا تمام پیسہ ملک سے باہر پڑا ہوا ہے، بڑے بڑے سیاستدان پیسہ چوری کر کے باہر لے جا رہے ہیں اور لوگوں کو پاگل بنا کر نورا کشتی کھیلی جاتی ہے۔ اس ملک کے سیاستدان سیاست پاکستان میں کر رہے ہیں جبکہ پیسہ باہر جمع ہے، بیرون ملک سب سے زیادہ پیسہ نواز، زرداری کا ہے، ماڈل ایان 40 ویں بار رقم لے کر دبئی بھاگ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے آزاد کشمیر کے لوگ باہر نکل آئیں کیونکہ حق مانگنے سے نہیں بلکہ چھیننے سے ملتا ہے، بیرسٹر سلطان کو اس لئے کھڑا کیا تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کو صحیح معنوں میں آزاد کیا جائے، کبھی ایسی جماعت کے لیڈر کو ووٹ نہ دیں جس کا پیسہ پاکستان میں نہ ہو۔
عمران خان نے جلسے کے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو دیکھ کر الطاف حسین کا جلسہ یاد آ گیا ہے جہاں لوگوں کو زبردستی جمع کیا جاتا ہے۔ ان کے جلسے میں لوگ نہیں بلکہ زندہ لاشیں بیٹھی ہوتی ہیں، لوگ ڈرتے ہیں کہ اگر الطاف حسین نے ہنسنے کو کہا اور ہم نہ ہنسے تو کوئی گولی مار دے گا۔ الطاف حسین لندن میں ٹیلی فون پر تقریر کرتے ہیں لیکن لوگ سہمے بیٹھے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ انصاف کرنے والا ہے اور ہر فرعون کا وقت آتا ہے، الطاف حسین تمہارا وقت بھی آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی پر ایک لاکھ روپے قرض چڑھ چکا ہے جبکہ آزاد کشمیر کے لوگ باہر کے ملکوں سے پیسہ کما کر پاکستان بھیجتے ہیں، جس لیڈر کا جینا مرنا پاکستان میں نہ ہو، اس کی پارٹی کو ووٹ نہ دیں۔ 2013ءکے انتخابات کی تحقیقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دھرنے میں شرکت کرنے والے ہر شخص کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ اب گو نواز گو ہونے والا ہے اور وہ اس لئے کہ جوڈیشل کمیشن بننے والا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن پر تحقیقات شروع ہوئی ہیں، ثابت کریں گے کہ نواز شریف کا مینڈیٹ جعلی ہے۔