نیشنل ایکشن پلان کے تحت کراچی پولیس کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو پیش
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کراچی پولیس کی کارکردگی کی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو پیش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال اور اس سے متعلق کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف پولیس کی کارروائی کی تفصیل درج ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں 23دسمبر 2014ءسے 23 مارچ 2015ءتک پولیس کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کی گئی کارروائیوں اور ان کے نتیجے میں گرفتار و ہلاک شدگان دہشت گردوں سے متعلق معلومات درج ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں ان کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والا اسلحہ و بارود اور دیگر معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔