بیوی، پوتے ،لے پالک بیٹی کے قاتل کی پھانسی پر 13اپریل تک عمل درآمد روک دیا گیا
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بیوی ،پوتے اورلے پالک بیٹی کے قاتل ضعیف العمر قیدی کی پھانسی پر 13اپریل تک عمل درآمد روکتے ہوئے مقتولہ لے پالک بیٹی کے قانونی ورثاءکا راضی نامہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔مسٹر جسٹس ظفر اللہ خاکوانی نے سزائے موت کے قیدی ملک محمد اشرف کی پھانسی پر عملدرآمد روکنے کی کی درخواست پر سماعت کی، 95سالہ قیدی کے وکیل سردار اصغر محمود ڈوگر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے سال 2001میں ملک محمد اشرف کو بیوی رقیہ بی بی، پوتے محمد زمان اور لے پالک بیٹی شہناز کے قتل کے جرم میں تین بار سزائے موت کا حکم سنایا ہے ، قیدی سزائے موت کے انتظار میں 19برس کی قید کاٹ چکا ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ لیاقت آباد پولیس نے 1996میں بیٹے صفدر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کیا ، قیدی کو 17مارچ کو پھانسی دی جانی تھی تا ہم ایڈیشنل سیشن جج شاہدہ سعید نے قیدی کی درخواست پر ڈیتھ وارنٹ پر حکم امتناعی جاری کیا تا ہم سپرنٹنڈنٹ جیل اسد وڑائچ نے ڈیتھ وارنٹ کے لئے سیشن عدالت کو دوبارہ مراسلہ جاری کیا ہے ، عمر رسیدہ قیدی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمہ کے مدعی بیٹے صفدر نے باپ کو معاف کر دیا ہے تا ہم لے پالک بیٹی شہناز کی ممانی کو تلاش کر لیا گیا ہے اور مقتولہ کی ممانی کا راضی نامہ پیش کرنے کے لئے مہلت دی جائے ، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تین بار سزائے موت کے ضعیف العمر قیدی کی پھانسی پر حکم امتناعی میں 13اپریل تک توسیع کرتے ہوئے قیدی کے وکیل کو مقتولہ لے پالک بیٹی کی ممانی کا راضی نامہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
ن لیگ کو عمران خان فوبیا ہو گیا ہے،2015الیکشن کا سال ہے:شیری مزاری